جسپریت بمرا کی جگہ انڈین ٹیم میں شامل ’بارہ مولہ ایکسپریس‘ عاقب نبی کون ہیں؟

عاقب نبی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنعاقب نبی کو جسپریت بمرا کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا
وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 6 منٹ

انڈین کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمرا کی انجری کی وجہ سے عاقب نبی کو سری لنکا کے دو ٹیسٹ میچوں کے دورے کے لیے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ یوں جموں و کشمیر کے کرکٹر عاقب نبی جلد ہی انڈیا کے لیے بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کر سکتے ہیں۔

انڈین کھلاڑی جسپریت بمرا ابھی تک انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران بائیں گھٹنے پر لگنے والی چوٹ سے مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہوئے جس کے باعث انھیں ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے۔

انڈین کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سائکیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عاقب نبی کو پہلی بار انڈیا کی سینیئر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ انڈیا اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 15 اگست سے گال میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ 23 اگست سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

عاقب نبی کی شاندار کارکردگی

دائیں ہاتھ کے میڈیم پیسر عاقب نبی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انھوں نے رنجی ٹرافی کے گذشتہ دو سیزنز میں مجموعی طور پر 104 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

رنجی ٹرافی کے ایک سیزن میں انھوں نے 60 وکٹیں حاصل کیں اور جموں و کشمیر کو پہلی بار رنجی ٹرافی کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس کے علاوہ وہ انڈیا اے ٹیم کا بھی حصہ رہے جس نے حال ہی میں سری لنکا کا دورہ کیا جہاں انھوں نے دو فرسٹ کلاس میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔

اگر عاقب نبی اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرتے ہیں تو وہ جموں و کشمیر کے پہلے ٹیسٹ کرکٹر بن جائیں گے۔

عاقب نبی نے اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو 2020 میں کیا تھا۔ وہ اب تک 43 فرسٹ کلاس میچوں میں 162 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی بہترین بولنگ 24 رنز کے عوض سات وکٹیں رہی ہے۔

فرسٹ کلاس کرکٹ میں عاقب نے سات مرتبہ چار وکٹیں، 16 مرتبہ پانچ وکٹیں اور چار مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کیں۔ انھوں نے بلے بازی میں بھی 999 رنز بنائے۔

عاقب نبی

،تصویر کا ذریعہANI

،تصویر کا کیپشنعاقب نبی نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا

گذشتہ سال دسمبر میں آئی پی ایل کی نیلامی میں دلی کیپیٹلز نے عاقب نبی کو آٹھ کروڑ 40 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا تھا۔

تاہم ان کا آئی پی ایل کیریئر زیادہ متاثر کن نہیں رہا۔ انھوں نے رواں سال دلی کیپیٹلز کی جانب سے چنائی سپر کنگز کے خلاف آئی پی ایل میں ڈیبیو کیا۔

عاقب نے اس سیزن میں پانچ میچ کھیلے لیکن ایک بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ تاہم ان کی بولنگ کافی نپی تلی رہی اور انھوں نے زیادہ رنز نہیں دیے۔

Aaqib Nabi made his IPL debut this year

،تصویر کا ذریعہANI

،تصویر کا کیپشنعاقب نبی نے اس سال آئی پی ایل میں ڈیبیو کیا

مضبوط ارادوں والے عاقب

مواد پر جائیں
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

جموں و کشمیر کے علاقے بارہ مولہ میں پیدا ہونے والے عاقب نبی کو ایک پُرعزم کرکٹر سمجھا جاتا ہے۔ ان کے والد ایک سرکاری سکول میں استاد تھے اس لیے خاندان کے پاس زیادہ وسائل نہیں تھے۔

اس کے علاوہ ان کی رہائش سے قریبی کرکٹ گراؤنڈ سری نگر میں تھا جو 54 کلومیٹر کی دوری پر واقع تھا۔

جب ایک مقامی اخبار نے ان سے ابتدائی مشکلات کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے کہا کہ ’اگر آپ کا مقصد انڈیا کے لیے کھیلنا ہو تو ان باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ محدود وسائل ہونے سے بھی فرق نہیں پڑتا۔ آپ بہانے نہیں بنا سکتے۔ میرا مقصد بھی ٹیم انڈیا کی جرسی پہننا ہے۔‘

پرویز رسول جموں و کشمیر کے پہلے کھلاڑی تھے جنھوں نے انڈیا کے لیے کھیلا۔ جبکہ ان کے بعد عُمران ملک بھی انڈیا کے لیے محدود اوورز کی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

آل راؤنڈر پرویز رسول کو کھیلتا دیکھ کر عاقب میں بھی کرکٹ کھیلنے کا شوق پیدا ہوا۔ عاقب نبی کے ٹیم انڈیا میں انتخاب پر پرویز رسول نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’جو کچھ آپ کے لیے ہے، وہ آپ کو مل کر رہے گا۔ کوئی بھی رد یا نظرانداز کیے جانے کا عمل آپ کی تقدیر نہیں بدل سکتا۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ’عاقب نبی، انڈین ٹیسٹ ٹیم میں آپ کے انتخاب پر بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ آپ کو مسلسل کامیابی، اچھی صحت اور بہت سی یادگار کامیابیوں سے نوازے۔ ہمیشہ کی طرح ہمیں فخر محسوس کرواتے رہیں۔‘

دوسری جانب جموں و کشمیر کے انڈین کرکٹر عُمران ملک نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں عاقب نبی کو انڈین ٹیسٹ ٹیم میں منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

عاقب نبی انڈر 19 انڈین ٹیم کے لیے کئی ٹرائلز میں شریک ہوئے اور کافی جدوجہد کے بعد ہی انھیں ٹیم میں جگہ ملی۔

عاقب نبی نے 2018 میں لسٹ اے کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ انھوں نے گذشتہ سال سید مشتاق علی ٹرافی میں اپنی فاسٹ بولنگ کی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

انھوں نے 7.41 کے رن ریٹ سے 15 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ رنجی ٹرافی میں نو اننگز میں 29 وکٹیں لینے میں بھی کامیاب رہے۔

انھوں نے دلیپ ٹرافی میں ویسٹ زون کے خلاف نارتھ زون کی جانب سے ہیٹرک بھی کی۔ جبکہ انھیں چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

اس سے قبل سابق انڈین کپتان کپل دیو اور سائراج سنگھ بالترتیب 1979 اور 2001 میں ہیٹرک کر چکے تھے۔

عاقب کی بولنگ نے جموں و کشمیر کو رواں سال رنجی ٹرافی میں پہلی بار دہلی کو شکست دینے میں مدد دی۔ انھوں نے اس فتح میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری

عاقب نبی کو انڈین ٹیسٹ ٹیم میں منتخب کیے جانے کے بعد انھیں مبارکبادیں دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

مرکزی وزیر اور جموں و کشمیر کی ادھم پور لوک سبھا نشست سے رکن پارلیمان جتیندر سنگھ نے عاقب نبی کو مبارکباد دیتے ہوئے انسٹاگرام پر لکھا، ’کھیل کے لیے آپ کی لگن اور جذبہ آپ کے لیے یہ قابلِ فخر لمحہ لے کر آیا ہے۔‘

گورو گپتا نے ایکس پر لکھا کہ ’آخرکار کسی کو ڈومیسٹک کرکٹ میں اس کی محنت کا صلہ مل گیا ہے۔ عاقب نبی، انڈیا کی کرکٹ ٹیم میں پہلی بار منتخب ہونے پر بہت بہت مبارک ہو۔‘

نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی عاقب نبی کو مبارکباد دی۔

انھوں نے لکھا کہ ’بارہ مولہ ایکسپریس عاقب نبی ڈار کو پہلی بار انڈین ٹیسٹ ٹیم میں منتخب ہونے پر مبارکباد۔ ٹیسٹ ٹیم میں ان کا انتخاب اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ کشمیر میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ یہ ان کی محنت اور مسلسل عمدہ کارکردگی کا مناسب صلہ ہے۔‘

انڈیا اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 15 اگست سے گال میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ 23 اگست سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔