ناروے کی ایئرلائن کی معطلی کے بعد پی آئی اے کی پروازیں کیوں متاثر ہوئیں؟

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 4 منٹ

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے جمعرات کو اچانک اعلان کیا کہ اس کی لندن سے اسلام آباد اور مانچسٹر سے لاہور جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئیں ہیں کیونکہ اس کے ’ویٹ لیز پارٹنر‘ نورس ایئر نے اپنے آپریشنز معطل کر دی ہیں۔

پی آئی اے نے کہا کہ اب برطانیہ کے لیے پروازیں کمپنی کی بی ٹرپل سیون فلیٹ آپریٹ کرے گی۔ لیکن یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ناروے کی ایک ایئرلائن کے آپریشنز معطل ہونے کے اثرات پی آئی اے کی پروازوں پر کیوں پڑے؟

ناروے کی کم لاگت ایئرلائن نورس اٹلانٹک ایئرویز نے تمام پروازیں معطل کر دی ہیں کیونکہ کمپنی ایک ایسے مالی بحران سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے، جسے اس نے انتہائی سنگین قرار دیا ہے۔

ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اگر اس بحران کا کوئی حل نہ نکالا جا سکا تو وہ خود کو دیوالیہ قرار دینے کے لیے درخواست دائر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ویٹ لیز پارٹنر کیا ہوتا ہے اور پی آئی اے پر ناروے کی ایئرلائن معطل ہونے سے کیوں اثر پڑا؟

اس معطلی سے پی آئی اے بھی متاثر ہوئی ہے، جو نورس اٹلانٹک ایئرویز سے طیارے اور عملہ لیز پر حاصل کر رہی تھی۔

اس کے نتیجے میں پی آئی اے کو گذشتہ رات لندن سے اسلام آباد اور مانچسٹر سے لاہور جانے والی اپنی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں پی آئی اے نے کہا ہے کہ آج سے برطانیہ کے لیے تمام پروازیں ایئرلائن کے اپنے بیڑے میں شامل طیاروں کے ذریعے چلائی جائیں گی۔

نورس ایئرویز پی آئی اے کا ویٹ لیز پارٹنر ہے۔ طیارے ویٹ لیز پر اس لیے حاصل کیے جاتے ہیں تاکہ کسی غیر معمولی ضرورت کے وقت طیاروں کی کمی نہ ہو۔ جیسا کہ حج کے دنوں میں سعودی عرب ایک مہینے کے اندر اندر ایک لاکھ کے قریب مسافر سفر کرتے ہیں۔

دوسرا ایئرلائن اپنے طیاروں کی دیکھ بھال کے سلسلے میں انھیں گراؤنڈ کرتی ہے تو اس کمی کو پورا کرنے کے لیے بعض اوقات طیارے حاصل کیے جاتے ہیں۔

نورس اٹلانٹک ایئرویز کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟

نورس اٹلانٹک ایئرویز سنہ 2021 میں ایک کم لاگت والی طویل فاصلے کی پروازیں چلانے والی ایئرلائن کے طور پر قائم کی گئی تھی۔

اس نے مارکیٹ میں نارویجین کی جانشین کے طور پر قدم رکھا تھا، جس نے کووڈ وبا کے باعث اپنی طویل فاصلے کی پروازیں بند کر دی تھیں۔

تاہم ایئرلائن کو منافع کمانے میں مشکلات کا سامنا رہا اور رواں سال اس کے مسائل اس وقت مزید بڑھ گئے جب ایران کی جنگ کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں شدید اضافہ ہو گیا۔

نورس اٹلانٹک ایئرویز دیگر یورپی ایئرلائنز کے برعکس ایندھن کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے تحفظ حاصل کرنے کے لیے مقررہ نرخوں پر ایندھن ایڈوانس میں نہیں خریدتی۔

اس وجہ سے جب ایندھن کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا تو کمپنی پوری طرح اس کے اثرات کی زد میں آ گئی اور ایک مرحلے پر ایندھن کی لاگت تقریباً دوگنی ہو گئی۔ اگرچہ بعد میں قیمتوں میں کچھ کمی آئی، تاہم وہ اب بھی تنازع شروع ہونے سے پہلے کی سطح سے خاصی زیادہ ہیں۔

سال کی پہلی ششماہی کے دوران نورس اٹلانٹک کو 9 کروڑ 46 لاکھ ڈالر کا خسارہ ہوا۔

بدھ کے روز اوسلو سٹاک ایکسچینج کو جاری کیے گئے بیان میں ایئرلائن نے کہا کہ اس کی مالی صورتحال نہایت نازک ہو چکی ہے اور آپریشنز جاری رکھنے کے لیے اسے فوری طور پر قلیل مدتی مالی معاونت درکار ہے۔

پروازیں معطل کرنے کے بعد کمپنی نے کہا کہ وہ ممکنہ سرمایہ کاروں کے ساتھ مجوزہ خریداری کے بارے میں بات چیت کر رہی ہے، جس میں ’مالی معاونت کا حل بھی شامل ہوگا۔‘

تاہم کمپنی نے خبردار کیا کہ اگر قلیل مدتی فنڈنگ جلد فراہم نہ ہو سکی تو ’بورڈ دیوالیہ پن کی درخواست دائر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔‘

نورس اٹلانٹک جولائی سے کسی خریدار کی تلاش میں تھی۔

کمپنی کی ممکنہ بندش کو مئی میں سپرٹ ایئرلائنز کی ناکامی کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ امریکی ایئرلائن بھی جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے سے بری طرح متاثر ہوئی تھی کیونکہ امریکی فضائی کمپنیاں عموماً ایندھن کی ایڈوانس میں فکس قیمتوں پر خریداری نہیں کرتیں۔

اگر نورس اٹلانٹک ایئرویز دیوالیہ ہو جاتی ہے تو یہ کم لاگت پر طویل فاصلے کی پروازوں کے کاروباری ماڈل کے لیے ایک اور بڑا دھچکا ہوگا۔ یہ ماڈل عموماً مسافروں میں مقبول رہا ہے، لیکن مالی طور پر اسے برقرار رکھنا اکثر مشکل ثابت ہوا ہے، خاص طور پر بحرِ اوقیانوس کے آرپار چلنے والی پروازوں میں۔