آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
خلا میں حلال کھانا اور دو زبانوں میں ہدایات: چین میں پہلے پاکستانی خلاباز کے مشن کی تیاریاں مکمل
پاکستان کے پہلے خلا باز کی چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ جانے کی تیاریوں کے آخری مراحل میں ان کے لیے حلال خوراک کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ چینی اور انگریزی زبانوں میں آپریشنل ہدایات بھی تیار کر لی گئی ہیں۔
شینژو 24 انسانی خلائی مشن کے لیے پاکستان نے دو امیدواروں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو شارٹ لسٹ کیا ہے، جنھوں نے چین میں اپنی تربیت مکمل کر لی ہے۔ ان دونوں میں سے ایک چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن پر پے لوڈ سپیشلسٹ کے طور پر جائیں گے، جبکہ دوسرے متبادل خلا باز کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔
پاکستان کی خلائی ایجنسی سپارکو نے اتوار کو بتایا کہ شینژو 24 مشن کی روانگی سے قبل جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں مشق کی گئی، جس میں عملے کے تینوں ارکان نے پرواز سے پہلے کے ضروری مراحل کامیابی سے مکمل کیے۔
سپارکو کے مطابق چین کے خلا بازوں کے تحقیق اور تربیت کے مرکز کے اہلکار ژو لو نے کہا کہ تینوں خلا بازوں نے مشترکہ مشق کے دوران عزم کا مظاہرہ کیا اور تمام کارروائیاں درست انداز میں انجام دیں۔
اس مشن کے ذریعے پاکستانی خلا باز چین کے خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔ یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کے تحت چینی اور غیر ملکی خلا بازوں کی پہلی مشترکہ خلائی پرواز بھی ہو گی۔
چین کے شینژو 24 خلائی جہاز اور لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کو 17 نومبر کو لانچنگ کے مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔ سنیچر کو مشن کی روانگی سے قبل پورے نظام کی آخری مشق بھی کامیابی سے مکمل کی گئی۔
یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان کئی برسوں سے جاری خلائی تعاون کا تسلسل ہے۔ اس تعاون میں چین کی جانب سے پاکستانی سیٹلائٹس کو خلا میں بھیجنا اور تقریباً 2028 میں چین کے چانگ ای 8 قمری مشن کے ذریعے پاکستان کا تیار کردہ روور چاند پر بھیجنے کا منصوبہ شامل ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چین نے 2022 میں اپنے تیانگونگ خلائی سٹیشن کی تعمیر مکمل کی تھی اور اب وہ اپنے خلائی پروگرام میں بین الاقوامی شراکت داری بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ چین کا ہدف 2030 تک اپنے خلا بازوں کو چاند پر اتارنا بھی ہے۔
پاکستانی خلا باز کے لیے حلال خوراک اور چینی و انگریزی زبانوں میں ہدایات
شمال مغربی چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں سنیچر کو شینژو 24 مشن کی روانگی سے قبل پورے نظام کی مشق کی گئی۔ اس دوران خلائی جہاز میں سوار ہونے، روانگی کی تقریب اور مشن سے متعلق دیگر مراحل کی نقل کی گئی۔
چین کے خلا بازوں کے تحقیق اور تربیت کے مرکز کے اہلکار ژو لو کے مطابق مشق کے دوران تینوں خلا بازوں نے ہدایات پر عمل کیا، تمام کارروائیاں درست انداز میں انجام دیں اور زمین پر موجود کنٹرول ٹیم کے ساتھ بہترین ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔
انھوں نے بتایا کہ خلا باز اب پرواز سے قبل تیاریوں کے آخری مرحلے میں داخل ہوں گے، جہاں طبی نگرانی، صحت کی دیکھ بھال اور پرواز سے متعلق مہارتوں کی تربیت جاری رکھنے کے ساتھ جسمانی اور ذہنی طور پر بہترین حالت میں آنے پر توجہ دی جائے گی۔
چونکہ اس مشن میں ایک پاکستانی خلا باز بھی شامل ہوں گے، اس لیے چینی خلائی پروگرام کے متعلقہ شعبے نے چینی اور انگریزی زبانوں میں آپریشنل ہدایات تیار کی ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی خلا باز کی کھانے کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے حلال خلائی خوراک کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
لانچنگ مرکز کے اہلکار ژاؤ یان کے مطابق روانگی سے قبل آخری مرحلے میں مرکز کے حالات اور درجہ حرارت میں تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مخصوص اقدامات کیے گئے ہیں۔ درجہ حرارت اور نمی کی مسلسل نگرانی کے لیے ایک ذہین نظام بھی استعمال کیا گیا تاکہ جانچ اور روانگی سے متعلق تمام ضروری تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
پاکستانی خلا باز کب روانہ ہوں گے؟
پاکستان کے وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے اکتوبر میں اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا پہلا خلا باز 25 نومبر کو چین سے خلائی مشن پر روانہ ہو گا۔
تاہم چین کی انسانی خلائی پروازوں کی ایجنسی نے ابھی تک روانگی کی حتمی تاریخ اور وقت کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔
احسن اقبال آج پیر کو چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں روانگی کی تقریب میں شرکت کریں گے، جہاں وہ تربیت مکمل کرنے والے دونوں پاکستانی خلا بازوں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد سے ملاقات کریں گے۔ ان دونوں میں سے ایک کو مشن کے لیے حتمی طور پر منتخب کیا جائے گا۔
وزارتِ منصوبہ بندی کے مطابق احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے پہلے خلا باز کی خلائی پرواز پوری قوم کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہو گی۔ ان کے بقول یہ پرواز پاکستان کے خلائی سفر کی نمائندگی کرے گی اور ملک کے نوجوانوں کے خوابوں کو زمین سے آگے لے جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی، جو ہمالیہ سے بلند ہے، اس تاریخی پرواز کے ساتھ آسمانوں سے بھی بلند ہو جائے گی۔
پاکستانی خلا باز خلائی سٹیشن پر کیا کریں گے؟
روئٹرز کے مطابق پاکستانی خلا باز چین کے خلائی سٹیشن پر پے لوڈ سپیشلسٹ کی حیثیت سے پاکستان کے تیار کردہ سائنسی تجربات انجام دیں گے۔
سپارکو کو ملک کی مختلف جامعات سے 300 سے زیادہ تحقیقی تجاویز موصول ہوئی تھیں، جن میں سے چینی اداروں نے اس مشن کے لیے چار تجربات منتخب کیے۔
ان تجربات کا تعلق بایوٹیکنالوجی سے ہے اور ان کا مقصد غذائی قلت اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل سے نمٹنے میں مدد دینا ہے۔
ان تجربات کے لیے آلات اور دیگر سامان سپارکو کی اپنی تجربہ گاہوں میں تیار اور ابتدائی طور پر جانچا گیا، جس کے بعد چینی انجینیئرز نے ان کی منظوری دی۔
یہ مشن پاکستان کے لیے کیوں اہم ہے؟
پاکستان کے پاس اپنا انسانی خلائی جہاز یا خلا میں انسانوں کو بھیجنے کے لیے راکٹ موجود نہیں، اس لیے اس مشن کے تمام اہم مراحل کے لیے چین پر انحصار کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی خلا باز چینی خلائی جہاز کے ذریعے روانہ ہوں گے، چین ہی میں تربیت حاصل کریں گے اور چینی ماہرین کی نگرانی میں خلائی سٹیشن پر کام کریں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستانی خلا باز خلائی سٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ گزاریں گے، جو وہاں چینی خلا بازوں کے معمول کے تقریباً چھ ماہ کے قیام کے مقابلے میں بہت مختصر ہے۔ پاکستانی خلا باز چین کے ایک ایسے عملے کے دو ارکان کے ساتھ زمین پر واپس آئیں گے جو مئی میں خلائی سٹیشن پہنچا تھا، جبکہ اس عملے کا تیسرا رکن خلا میں انسانی جسم پر طویل قیام کے اثرات کے مطالعے کے لیے تقریباً ایک سال تک سٹیشن پر موجود رہے گا۔
روئٹرز کے مطابق اب تک دنیا کے تقریباً 50 ملکوں کے شہری خلا میں جا چکے ہیں، تاہم اپنے تیار کردہ خلائی جہاز کے ذریعے انسانوں کو خلا میں بھیجنے کی صلاحیت صرف روس، امریکہ اور چین کے پاس ہے۔
چین کی جانب سے پاکستان کو اپنے خلائی سٹیشن پر خلا باز بھیجنے کی دعوت اس حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔
پاکستان کے پہلے خلا باز مشن کے امیدوار محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کون ہیں؟
محمد ذیشان علی اور خرم داؤد پاکستان کے وہ دو خلاباز ہیں جنھیں انسانی خلائی پرواز کے پروگرام کے تحت چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ جانے کے لیے خلا بازوں کی تربیت کے مرحلے میں منتخب کیا گیا تھا۔
اپریل 2026 میں چین کی خلائی ایجنسی نے دونوں کو پاکستانی خلا باز امیدواروں کے طور پر منتخب کیے جانے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد انھوں نے چین کے خلا بازوں کے تربیتی مرکز میں کئی ماہ تربیت حاصل کی، جس میں چینی زبان سیکھنے، خلائی جہاز کے نظام سے واقفیت اور خلائی پرواز کے دوران جسمانی دباؤ برداشت کرنے کی مشقیں شامل تھیں۔
شینژو 24 مشن کے لیے ان دونوں میں سے ایک کو پے لوڈ سپیشلسٹ منتخب کیا جائے گا۔ وہ چین کے خلائی سٹیشن پر سائنسی تجربات کریں گے اور وہاں جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے، جبکہ دوسرے امیدوار متبادل خلا باز کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
منتخب خلا باز تقریباً ایک ہفتہ خلائی سٹیشن پر گزاریں گے، جہاں وہ سائنسی تجربات کریں گے۔ اس کے بعد وہ شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں