ازدواجی ریپ کی وجہ سے جنوبی ایشیا میں لاکھوں بیویاں غیر محفوظ: تحقیق

    • مصنف, گیتا پانڈے
    • عہدہ, مدیر برائے سماجی معاملات و امورِ خواتین
    • مقام, انڈیا
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 6 منٹ

ایک نئی تحقیق کے مطابق ازدواجی ریپ کو مکمل طور پر جرم قرار نہ دینے کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے آٹھ ممالک میں لاکھوں خواتین اور لڑکیاں غیر محفوظ ہیں، جہاں شریکِ حیات کے ہاتھوں تشدد کی شرح عالمی اوسط سے 35 فیصد زیادہ ہے۔

100 سے زیادہ ممالک ازدواجی ریپ کو غیر قانونی قرار دے چکے ہیں، لیکن جنوبی ایشیا کا بڑا حصہ، یعنی انڈیا، افغانستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش اب بھی ان تقریباً تین درجن ممالک میں شامل ہیں جہاں اسے غیر قانونی قرار نہیں دیا گیا۔

جنوبی ایشیا میں صرف مالدیپ ایسا ملک ہے جہاں مرد کو اپنی بیوی کا ریپ پر بھی وہی سزا دی جاتی ہے جو کسی بھی مرد کی جانب سے کسی عورت کو ریپ کرنے پر دی جاتی ہے۔

نیپال اور بھوٹان نے ازدواجی ریپ کو جرم قرار دیا ہے، لیکن وہاں اس کے لیے نسبتاً کم سزائیں مقرر ہیں۔

یہ بات خطے میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے گروہوں کے اتحاد ’سماج‘ کی تحقیق میں کہی گئی ہے۔

خواتین کے حقوق کی عالمی تنظیم ایکوئیلیٹی ناؤ، جو سماج کا حصہ ہے، کی رنجیتا سلوال کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں ازدواجی ریپ سے متعلق قوانین کی جڑیں بڑی حد تک برطانوی نوآبادیاتی دور میں ہیں۔

انڈیا اور بنگلہ دیش میں 1860، جبکہ سری لنکا میں 1885 سے نافذ قانون میں ریپ کی تعریف میں بعض استثنیٰ شامل ہیں، جن میں ایک بالغ بیوی کے ساتھ شوہر کا جنسی تعلق بھی شامل ہے۔

مہم چلانے والوں کا کہنا ہے کہ یہ قانون فرسودہ ہو چکا ہے اور جبری جنسی تعلق، مجرم کوئی بھی ہو، ریپ ہی کہلاتا ہے۔

ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ ازدواجی جنسی تشدد خواتین کی جسمانی، نفسیاتی، جذباتی اور جنسی صحت کو نقصان پہنچاتا ہے۔

100 سے زائد ممالک ازدواجی ریپ کو جرم قرار دے چکے ہیں، جن میں برطانیہ بھی شامل ہے، جس نے 1991 میں اپنا قانون تبدیل کیا تھا۔

تاہم انڈیا، سری لنکا اور بنگلہ دیش میں یہ استثنیٰ اب بھی برقرار ہے۔

پاکستان نے 2006 میں ازدواجی ریپ سے متعلق استثنیٰ ختم کر دیا تھا، لیکن اب تک کسی اعلیٰ عدالت نے یہ قرار نہیں دیا کہ ریپ کے قوانین ازداوجی تعلق میں بھی لاگو ہوتے ہیں۔

دوسری جانب، ایک حالیہ ہائی کورٹ فیصلے میں شوہروں کو رضا مندی کے بغیر جنسی تعلق کے معاملے میں وسیع استثنیٰ فراہم کیا گیا۔

2021 میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد طالبان نے افغانستان میں خواتین کے لیے تحفظ بتدریج ختم کیا ہے۔

رنجیتا سلوال کے مطابق جنوری میں متعارف کرایا گیا نیا تعزیری ضابطہ اس صورتِ حال کو مزید خراب کرتا ہے۔ اس کے تحت شوہر کے خلاف اپنی بیوی پر تشدد کے الزام میں مقدمہ صرف اسی صورت چلایا جا سکتا ہے جب اس نے ہڈی توڑی ہو، کھلا زخم دیا ہو یا شدید چوٹیں پہنچائی ہوں۔ اس کے باوجود، جرم ثابت ہونے پر اسے صرف 15 دن قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

یہ بات حیران کن نہیں کہ اس ضابطے میں ازدواجی ریپ کا کوئی ذکر نہیں۔ تاہم قابلِ سزا تشدد کی اس محدود تعریف کے ذریعے خواتین کو اس کے خلاف مؤثر تحفظ سے عملاً محروم کر دیا گیا ہے۔

رنجیتا سلوال نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا: ’یہ خیال اس یقین سے آتا ہے کہ شادی میں جنسی تعلق کے لیے رضا مندی پہلے سے شامل سمجھی جاتی ہے، یعنی شادی ایک ایسی حد ہے جہاں رضا مندی کا تصور ختم ہو جاتا ہے۔

’لیکن یہ آگاہی کی کمی کو ظاہر کرتا ہے، یہ دکھاتا ہے کہ ہم اب بھی خواتین کو ملکیت سمجھتے ہیں۔‘

یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پورے خطے میں ازدواجی ریپ کے بارے میں بحث دوبارہ شدت اختیار کر رہی ہے۔

انڈیا میں قانون کو چیلنج کرنے والی 10 درخواستیں سپریم کورٹ میں زیرِ التوا ہیں، جہاں نو دسمبر سے حتمی سماعتیں شروع ہونے والی ہیں۔

برسوں کے دوران عدالتیں اس معاملے پر متضاد فیصلے دیتی رہی ہیں۔ بعض ججوں نے اس قانون کی فرسودہ نوعیت کو تسلیم کرتے ہوئے پارلیمان سے ازدواجی ریپ کو جرم قرار دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

گذشتہ سال اُس وقت شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا جب ایک عدالت نے اس شخص کو رہا کر دیا جس نے بے دردی سے اپنی بیوی کا ریپ کیا تھا اور نتیجے میں وہ ہلاک ہو گئی تھی۔

تاہم انڈین حکومت، مذہبی تنظیموں اور مردوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں نے اعلیٰ عدالت میں دائر درخواستوں کی مخالفت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ازدواجی ریپ کو جرم قرار دینا ’حد سے زیادہ سخت‘ اقدام ہو گا۔

رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں حقوق کے لیے کام کرنے والے گروہوں نے بھی ازدواجی ریپ سے متعلق استثنیٰ کو چیلنج کیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ زندگی اور آزادی کے حق اور تشدد و ظالمانہ سلوک سے تحفظ جیسے آئینی حق کی خلاف ورزی ہے۔

رنجیتا سلوال کہتی ہیں: ’جو لوگ ازدواجی ریپ کو جرم قرار دینے کی مخالفت کرتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس سے خاندانی نظام کمزور ہو گا اور خاندان بکھر جائیں گے۔ اور ہمارے ممالک میں خاندان بہت اہمیت رکھتے ہیں۔

’وہ کہتے ہیں کہ اس سے ہماری مذہبی اور ثقافتی اقدار متاثر ہوں گی اور انھیں خدشہ ہے کہ مردوں کے خلاف جھوٹے الزامات لگائے جائیں گے۔‘

ان کے مطابق قانون میں تبدیلی لازمی طور پر متاثرین کے لیے انصاف کی ضمانت بھی نہیں بنتی۔

رنجیتا مثال دیتے ہوئے بھوٹان کا حوالہ دیتی ہیں، جہاں ازدواجی ریپ ایک فوجداری جرم ہے لیکن اسے معمولی جرم کے درجے میں رکھا گیا ہے اور اس کی سزا ایک ماہ سے ایک سال تک قید ہے۔

نیپال میں ریپ کی سزا چھ سے 20 سال تک قید ہے، لیکن اگر شوہر اپنی بیوی کا ریپ کرے تو اس کے لیے سزا زیادہ سے زیادہ پانچ سال قید ہے۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔