فاطمہ قتل کیس: ’کیا پولیس افسر کو گھر میں کم عمر گھریلو ملازمہ کی موجودگی کا علم تھا؟‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اُردو، اسلام آباد
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 7 منٹ
انتباہ: اس رپورٹ میں شامل چند تفصیلات قارئین کے لیے پریشان کن ہو سکتی ہیں۔
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے اسلام آباد پولیس لائنز میں واقع پولیس افسر کے گھر پر گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد اور قتل کے کیس میں چائلڈ لیبر کی تمام دفعات کو مقدمے میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ ملزمان کا مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا ہے۔
عدالت نے اس مقدمے کے تفتیشی افسر کو حکم دیا ہے کہ درج ہونے والی ایف آئی آر میں جو دفعات درج ہیں صرف ان پر ہی تفتیش نہ کی جائے بلکہ اس میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 328 کا بھی اضافہ کیا جائے۔ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 328، 12 سال سے کم عمر کمسن بچوں سے مزدوری کروانے اور ان پر بے رحمانہ سلوک سے متعلق ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس نے کمسن گھریلو ملازمہ فاطمہ کی ہلاکت کے بعد قتل کا مقدمہ درج کیا تھا اور ملزمہ کے علاوہ ایک گھریلو ملازم کو بھی گرفتار کیا تھا۔
پولیس نے اس کیس میں ملزمہ کے شوہر کو بھی شامل تفتیش کر لیا ہے جو کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں تعینات ہیں۔ وہ پولیس سروس کے ایک افسر ہیں جو کہ گوجرانوالہ ریجن میں بطور ڈائریکٹر ایف آئی اے خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی رہائش گاہ اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں واقع ہے جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ عدالت میں پیش کیے گئے ریکارڈ کے مطابق مقتولہ کی عمر 11 سال 11 ماہ تھی۔
’کیا ملزمہ کے شوہر کو گھر میں کمسن ملازمہ رکھنے کا علم تھا؟‘
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ آئندہ سماعت پر عدالت کو بتایا جائے کہ ’کیا ملزمہ کے شوہر کے علم میں تھا کہ ان کے گھر میں کمسن بچی کو گھریلو ملازمہ رکھا ہوا ہے؟ اس کے ساتھ کیسا سلوک کیا جا رہا ہے اور گھریلو ملزمہ کی موت کن حالات میں ہوئی؟‘
عدالت نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر یہ بھی بتایا جائے کہ ’مقتولہ کے والد اور ملزمہ کے شوہر کے درمیان کیسے تعلقات تھے؟ اور کیا مقتولہ کے والد نے اپنی بیٹی کو پولیس افسر کے گھر بھیجنے پر کوئی مالی فوائد بھی حاصل کیے؟‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
عدالت کا کہنا تھا کہ ان معاملات پر ابھی تک آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔
اس مقدمے میں گرفتار دونوں ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت کی عدالت میں پیش کیا گیا اور ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین یوم کی توسیع کی استدعا کی گئی تھی۔
اس مقدمے کے سپیشل پراسیکوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کے گھر میں دیگر گھریلو ملازمین کے بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملزمان کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانے کے لیے انھیں لاہور لے کر جانا ہے۔
سپیشل پراسیکوٹر کا کہنا تھا کہ ملزمہ کی جانب سے ان کے زیر استعمال آئی فون کا پاسورڈ نہیں دیا جا رہا جبکہ ملزمہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ اس مقدمے کی تفتیشی ٹیم میں شامل ارکان اپنے طور پر فون کھولنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ ملزمہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ اب ان کی موکلہ کے زیر استعمال فون خود ملزمہ سے بھی نہیں کھل رہا۔
ملزمہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملزم کی مرضی کے بغیر اس کا پولی گرافک ٹیسٹ نہیں لیا جاسکتا جبکہ سپیشل پراسیکوٹر کا کہنا تھا کہ ملزمہ نے اس ضمن میں اپنی رضامندی ظاہر کی ہے۔
عدالت نے ملزمان کو مزید تین دن کے جسمانی ریمانڈ پر اس مقدمے کی تفتیش کرنے والی ٹیم کے حوالے کردیا ہے۔
قتل کا مقدمہ اور پوسٹ مارٹم رپورٹ
اتوار 15 نومبر کے روز بچی کی پراسرار حالات میں ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا، جس پر ورثا اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
واقعے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے متاثرہ خاندان کی جانب سے متعلقہ تھانے میں درخواست دی گئی تھی، جسے وصول کرنے کے بعد قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
دورانِ سماعت پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ بچی گذشتہ تین برس سے گھر میں مقیم تھی اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اس کے جسم پر تشدد اور جلائے جانے کے 20 نشانات پائے گئے ہیں، جن میں بعض پرانے زخم بھی شامل ہیں۔
پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزمہ سے ایک الیکٹرک آئرن اور شریک ملزم سے ایک ڈنڈا برآمد کیا گیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی ریکارڈ میں مبینہ طور پر بچی پر بار بار تشدد کی ویڈیوز بھی موجود ہیں، جنھیں فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
اس سے قبل تفتیشی ٹیم نے ملزمہ کے گھر سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی تھی جس میں پولیس حکام کے مطابق مبینہ طور پر کمسن بچی پر تشدد ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے گھر کی تلاشی کے دوران مختلف نوعیت کے تین ڈنڈے بھی برآمد کیے جن کے بارے میں تفتیش کاروں کا کہنا تھا کہ انھیں مقتولہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
دوسری جانب پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق فاطمہ کے جسم پر تشدد کے 20 سے زائد نشانات موجود تھے جن میں سر، چہرے، بازوؤں، ہاتھوں اور ٹانگوں پر شدید چوٹیں، سوجن، نیل اور پرانے زخم شامل تھے۔ رپورٹ میں استری سے جلائے جانے کے نشانات کا بھی ذکر کیا گیا ہے جبکہ کچھ زخم حالیہ اور بعض پرانے قرار دیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچی کی موت بار بار کیے جانے والے جسمانی تشدد کے نتیجے میں لگنے والی شدید چوٹوں سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق کمسن بچی سرکاری افسر کی رہائش گاہ پر ان کی اہلیہ کے پاس ملازمت کرتی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون پاکستانی ہونے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی شہریت بھی رکھتی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پولیس افسر کے گھر کمسن گھریلو ملازمہ کی موجودگی پر اٹھتے سوال
تفتیشی ٹیم میں شامل ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ اس کسمن بچی کو جب علاج کی خاطر نجی ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا تو وہ اس سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی۔
انھوں نے کہا کہ مقتولہ کے جسم کا کوئی بھی حصہ ایسا نہیں تھا جہاں پر تشدد کے نشانات نہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمسن بچی کو مبینہ طور پر ڈنڈوں کی مدد سے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔
انھوں نے کہا کہ کم عمر بچی گذشتہ تین سال سے پولیس افسر محمد بن اشرف کے گھر پر کام کرتی تھیں جبکہ مقتولہ کے والدین مذکورہ پولیس افسر کی جنوبی پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں واقع زمینوں پر کام کرتے ہیں۔
گرفتار ہونے والی خاتون ایک پولیس سروس افسر کی اہلیہ ہیں۔ ان کے شوہر اس وقت وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں تعینات ہیں اور واقعے کے وقت گوجرانوالہ ریجن میں بطور ڈائریکٹر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی رہائش گاہ اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں واقع ہے۔
پولیس حکام کے مطابق محمد بن اشرف ماضی میں اسلام آباد پولیس ہیڈ کوارٹر میں ایس پی کے طور پر تعینات رہ چکے ہیں۔ اسی دوران انھیں پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں رہائش گاہ الاٹ کی گئی تھی۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق مقدمے میں گرفتار دوسرے ملزم قاری علی پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ میں تعینات سرکاری ملازم ہیں۔ اہلکار کے مطابق جب ملزمہ کے شوہر راولپنڈی میں تعینات تھے تو قاری علی ان کے ساتھ ڈیوٹی بھی انجام دیتا رہا ہے۔
اہلکار کے مطابق ملزمہ کے شوہر گوجرانوالہ میں تعیناتی کے دوران بھی اسلام آباد آتے رہے ہیں اور تفتیشی افسران اس امکان کو خارج از امکان قرار نہیں دیتے کہ انھیں گھر میں مبینہ تشدد کے بارے میں علم نہ ہو۔
اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر جواد طارق کا کہنا ہے کہ پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں متعدد افسران کے گھر موجود ہیں۔
ان کے مطابق پولیس کے پاس نگرانی کا نظام ضرور موجود ہے، تاہم کسی افسر کے گھر کے اندر جا کر یہ نہیں دیکھا جا سکتا کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پولیس اس وقت تک کسی گھر کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی جب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ شکایت موصول نہ ہو۔
فوجداری مقدمات کی پیروی کرنے والے وکیل خالد سیف اللہ کے مطابق اگر کسی گھر میں تشدد کا سلسلہ جاری ہو اور دیگر افراد کو اس کا علم ہو لیکن وہ اس بارے میں کوئی کارروائی نہ کریں یا متعلقہ حکام کو آگاہ نہ کریں تو ان کے خلاف بھی ضابطہ فوجداری کی دفعہ 328 اے کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں




















