دو ڈالر کا جعلی ٹکٹ، پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان: خانیوال کے رہائشی کے خلاف امریکہ میں فراڈ کا مقدمہ کیوں درج ہوا؟

ٹکٹ
،تصویر کا کیپشن(فائل فوٹو)
وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 3 منٹ

امریکی ریاست فلوریڈا کی جنوبی ضلعی وفاقی گرینڈ جیوری نے پاکستان کے ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے ایک 33 سالہ شخص پر امریکی پوسٹل سروس (یو ایس پی ایس) کو 126 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچانے کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم مبینہ طور پر ’لیبلزبینک ڈاٹ کام‘ نامی ویب سائٹ چلاتے تھے، جس کے ذریعے جعلی امریکی ڈاک لیبل فروخت کیے جاتے تھے۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ نے 50 لاکھ سے زائد جعلی ڈاک لیبل فروخت کیے، جن کی مدد سے صارفین پیکجز کے وزن، حجم یا منزل سے قطع نظر انتہائی کم قیمت پر پارسل بھیج سکتے تھے۔

حکام کے مطابق یہ ویب سائٹ امریکی پوسٹل سروس کی مجاز فروخت کنندہ نہیں تھی، تاہم مبینہ طور پر ہر لیبل تقریباً دو ڈالر میں فروخت کیا جاتا تھا۔

اس طریقہ کار کے باعث صارفین اصل ڈاک اخراجات سے بچ جاتے تھے، جس سے امریکی پوسٹل سروس کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

امریکی اٹارنی جیسن اے ریڈنگ کوئینونیز نے کہا کہ یہ بظاہر سادہ لیکن بڑے پیمانے پر جاری رہنے والی دھوکہ دہی تھی، جس میں انتہائی کم قیمت پر جعلی ڈاک لیبل فروخت کر کے صارفین کو قانونی ڈاک فیس سے بچنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

ان کے مطابق فردِ جرم میں 51 لاکھ سے زائد جعلی لیبلز اور 126 ملین ڈالر سے زیادہ کے نقصانات کا ذکر کیا گیا ہے۔

labelsbank

امریکی پوسٹل انسپیکشن سروس (یو ایس پی آئی ایس) کے میامی ڈویژن کے انچارج بلادیسمیر روخو نے کہا کہ سرحد پار جرائم میں ملوث عناصر جہاں بھی ہوں، امریکی حکام ان کا سراغ لگا کر قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ملزم حراست میں ہیں، پاکستان میں ہیں یا امریکہ میں۔

تحقیقات کے مطابق 5,200 سے زائد افراد نے لیبلز بینک ڈاٹ کام سے 51 لاکھ سے زیادہ جعلی شپنگ لیبل خریدے۔

فردِ جرم کے ساتھ عدالت نے ویب سائٹ کو ضبط اور بند کرنے کا حکم بھی جاری کیا، جس کے بعد ڈومین کو تحویل میں لے لیا گیا۔

ملزم پر امریکہ کے خلاف دھوکہ دہی کی سازش، جعلی ڈاک لیبل بنانے اور فروخت کرنے کے پانچ الزامات، جبکہ الیکٹرانک ذرائع سے فراڈ (وائر فراڈ) کے چار الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں انھیں سازش اور جعلی ڈاک سے متعلق الزامات پر پانچ سال تک قید، جبکہ ہر وائر فراڈ الزام پر 20 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

یہ مقدمہ امریکی پوسٹل انسپیکشن سروس کے میامی ڈویژن کی تحقیقات کے نتیجے میں سامنے آیا ہے جبکہ وفاقی پراسیکیوٹرز اس کی پیروی کر رہے ہیں۔

نوٹ: امریکی قانون کے تحت فردِ جرم محض الزام ہوتی ہے۔ کسی بھی ملزم کو عدالت میں جرم ثابت ہونے تک بے گناہ تصور کیا جاتا ہے۔