’بیٹی کو اپنے والد کے انجام کا یقین ہو چکا تھا‘: ایک پرانی ڈائری اور مویشیوں کے ٹریلر نے چھ سال بعد قتل کا معمہ کیسے سلجھایا؟

- مصنف, وکٹوریہ شیئر
- عہدہ, یارکشائر
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 15 منٹ
جولائی 2025 میں جب تفتیشی افسر ٹام رائن کو ایک پرانے مویشیوں کے ٹریلر سے متعلق ایک ڈائری کا اندراج ملا تو انھیں احساس ہو گیا کہ وہ چھ برس قبل لاپتا ہونے والے ایک شخص کے قتل کی گتھی سلجھانے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
رچرڈ ڈائسن نومبر 2019 میں پراسرار طور پر لاپتا ہو گئے تھے اور اس کے بعد ان کے بارے میں کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا۔ انھیں آخری مرتبہ 17 نومبر 2019 کو دیکھا گیا تھا، جبکہ آٹھ روز بعد ان کی گمشدگی کی اطلاع اس وقت دی گئی جب وہ اپنی بیٹی بیتھنی سے طے شدہ ملاقات کے لیے نہیں پہنچے۔
تفتیشی افسر ٹام رائن نے بعد میں یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ہر لحاظ سے ایک اچھے والد تھے اور اپنی بیٹی بیتھنی سے باقاعدگی سے رابطے میں رہتے تھے۔ میرے خیال میں اس وقت بیتھنی کی عمر 19 برس تھی۔ اچانک رابطہ منقطع کر دینا ان کی عادت اور مزاج کے بالکل برعکس تھا۔‘
ان کے بقول، ابتدائی تحقیقات سے یہی تاثر ملتا تھا کہ رچرڈ ڈائسن جیسے کرہ ارض سے ہی غائب ہو گئے ہوں۔
لاپتا ہونے کے وقت 55 سالہ رچرڈ ڈائسن بارنسلے کی شیفیلڈ روڈ پر واقع کرسٹوفر رائٹ کے فارم میں، پارک سائیڈ کاٹیج کے قریب اپنی گاڑی میں رہائش پذیر تھے۔ وہ فارم کے مختلف روزمرہ کاموں میں بھی ہاتھ بٹاتے تھے اور مقامی طور پر جانے پہچانے شخص تھے۔
فارم کی تلاشی کے دوران پولیس کو رچرڈ ڈائسن کا کوئی سراغ نہیں ملا، تاہم تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ فارم کے مالک کرسٹوفر رائٹ کے پاس غیرقانونی ہتھیاروں کا ذخیرہ موجود تھا۔ اس دریافت کے باوجود اس وقت کوئی ایسا ثبوت ہاتھ نہ آ سکا جو رچرڈ کی گمشدگی کے بارے میں کچھ بتا سکتا۔
تاہم رچرڈ کے موبائل فون کے ریکارڈ نے تفتیش کاروں کی توجہ ایک اہم نکتے کی جانب مبذول کرائی۔ ریکارڈ سے ظاہر ہوا کہ ان کا فون فارم کی حدود سے باہر نہیں گیا تھا، جس سے پولیس کے اس شبے کو تقویت ملی کہ انھیں وہیں کسی وقت نشانہ بنایا گیا تھا۔
تفتیشی افسر ٹام رائن کے مطابق پولیس کو ابتدا ہی سے یقین تھا کہ رچرڈ ڈائسن کو قتل کیا جا چکا ہے اور اس میں فارم کے مالک کرسٹوفر رائٹ اور اس کے بچپن کے دوست کارل شوالبے ملوث ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رائن کہتے ہیں کہ ’ہمیں ان دونوں پر بہت شبہ تھا، لیکن جب لاش موجود نہ ہو تو قتل کا مقدمہ ثابت کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔‘
بالآخر 28 جولائی کو 73 سالہ کرسٹوفر رائٹ اور 72 سالہ کارل شوالبے کو رچرڈ ڈائسن کی گمشدگی اور قتل میں اپنے اپنے کردار کے حوالے سے مجرم قرار دے دیا گیا۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی رچرڈ کے اہلِ خانہ کے لیے چھ برس سے جاری بے یقینی اور انتظار کا ایک طویل باب اختتام کو پہنچا۔
جمعرات کو شیفیلڈ کراؤن کورٹ میں سزا سنانے کی سماعت کے دوران عدالت نے کرسٹوفر رائٹ کو قتل کے جرم میں 35 سال قید کی سزا سنائی، جبکہ کارل شوالبے کو انصاف کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کے جرم پر تین سال قید کا حکم دیا۔
مگر سوال یہ ہے کہ چھ برس تک معمہ بنے رہنے والے اس مقدمے میں پولیس آخر ان دونوں ملزمان تک کیسے پہنچی، اور وہ کون سا اہم ثبوت تھا جس نے تفتیش کا رخ بدل دیا؟

،تصویر کا ذریعہSouth Yorkshire Police
بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
رچرڈ ڈائسن کے لاپتا ہونے کے تقریباً چھ برس بعد اس مقدمے میں ایک غیرمتوقع پیش رفت اس وقت ہوئی جب تفتیشی افسر ٹام رائن نے کیس سے متعلق فون ریکارڈز کا دوبارہ جائزہ لینا شروع کیا۔
اس دوران کرسٹوفر رائٹ کی متعدد فون کالز میں سے 20 نومبر 2019 کو ایان اولرنشا کے نام کی گئی ایک کال نے ان کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔
رائن نے بتایا کہ ’میں ایان کے گھر گیا اور ان سے پوچھا کہ کیا انھیں چھ سال سے زیادہ پہلے موصول ہونے والی وہ فون کال کسی طرح یاد ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ مجھے توقع تھی کہ وہ کہیں گے کہ انھیں کچھ یاد نہیں۔‘
تاہم ایلڈر تھویٹ فارم کے رہائشی کسان ایان اولرنشا کو وہ کال حیران کن طور پر اچھی طرح یاد تھی۔ ان کا فارم پارک سائیڈ کاٹیج سے ایک میل سے کچھ زیادہ فاصلے پر واقع ہے۔
مزید حیرت کی بات یہ تھی کہ اولرنشا نے 2019 کی اپنی چمڑے کی ایک ڈائری بھی پیش کی، جس میں انھوں نے نوٹ درج کر رکھا تھا کہ کرسٹوفر رائٹ اس روز ایک پرانا ٹریلر ان کے فارم پر چھوڑنے آیا تھا۔
تفتیشی افسر ٹام رائن کے مطابق، ’جیسے ہی میں نے ایان سے بات کی، انھیں وہ فون کال یاد آ گئی۔ پھر انھوں نے کہا، ’وہ ٹریلر اب بھی یہیں موجود ہے، کیا آپ اسے دیکھنا چاہیں گے؟' اسی لمحے مجھے احساس ہو گیا کہ شاید ہم رچرڈ ڈائسن تک پہنچ گئے ہیں۔‘
کسان نے پولیس کو بتایا کہ وہ ٹریلر برسوں سے کھیت کے ایک کونے میں پڑا تھا اور اس عرصے میں کسی نے اسے ہاتھ تک نہیں لگایا تھا۔
جب رائن وہاں پہنچے تو ٹریلر جھاڑیوں اور لمبی گھاس کے درمیان کسی حد تک چھپا ہوا تھا، گویا وقت کے ساتھ نظروں سے اوجھل ہو چکا ہو۔ تاہم تفتیش کاروں کے لیے یہی بظاہر متروک اور فراموش شدہ ٹریلر اس چھ سال پرانے قتل کے معمہ کو حل کرنے کی کنجی ثابت ہونے والا تھا۔

،تصویر کا ذریعہCrown Prosecution Service
پولیس نے جب اس پرانے ٹریلر کا معائنہ کیا تو بظاہر اس میں کوئی خاص چیز نظر نہیں آئی۔ ٹریلر کا زیادہ تر حصہ خالی تھا، تاہم اس کا تقریباً ایک تہائی حصہ فرش سے لے کر چھت تک مختلف قسم کے کباڑ سے بھرا ہوا تھا۔
اسی ڈھیر کے ایک کونے میں، بچوں کے کپڑے تبدیل کرنے کے لیے استعمال ہونے والی ایک چٹائی کے نیچے، ایک نیلا ڈرم رکھا ہوا تھا۔
تفتیشی افسر ٹام رائن نے بتایا کہ ’ڈرم کنکریٹ سے بھرا ہوا تھا، لیکن اس کے اوپری حصے سے انسانی ہڈیاں واضح طور پر باہر دکھائی دے رہی تھیں۔‘
بعد ازاں ہونے والے پوسٹ مارٹم سے تصدیق ہوئی کہ یہ باقیات رچرڈ ڈائسن کی تھیں۔ معائنے سے یہ بھی معلوم ہوا کہ انھیں شاٹ گن سے گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ اس کے بعد ان کی لاش کے ٹکڑے کیے گئے، انھیں ایک ڈرم میں رکھا گیا اور پھر شواہد چھپانے کے لیے ڈرم کو کنکریٹ سے بھر دیا گیا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران جیوری کو بتایا گیا کہ کرسٹوفر رائٹ 1970 کی دہائی میں کئی برس تک قصاب کے طور پر کام کرتا رہا تھا، جسے استغاثہ نے لاش کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی صلاحیت اور تجربے کے تناظر میں اہم قرار دیا۔
رچرڈ ڈائسن کی باقیات کے ساتھ پولیس کو ایک اور اہم ثبوت بھی ملا، جس نے تفتیش کو فیصلہ کن موڑ دے دیا۔ ڈرم میں موجود اشیا میں کرسٹوفر رائٹ کے نام کا ایک شناختی کارڈ بھی شامل تھا، جو اسے واقعے سے براہِ راست جوڑنے والے شواہد میں سے ایک بن گیا۔
اس اہم دریافت کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسی روز کرسٹوفر رائٹ اور اس کے دوست کارل شوالبے کو گرفتار کر لیا۔
یوں ایک پرانے ٹریلر، ایک کسان کی یادداشت اور چھ برس پرانی ڈائری کے ایک مختصر اندراج نے بالآخر اس قتل کے معمہ کو حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس نے برسوں تک رچرڈ ڈائسن کے اہلِ خانہ کو بے یقینی اور انتظار میں مبتلا رکھا تھا۔

،تصویر کا ذریعہCrown Prosecution Service
سنہ 2019 سے سنہ 2023 کے درمیان پولیس نے پارک سائیڈ کاٹیج کی تلاشی پر 286 گھنٹوں سے زیادہ وقت صرف کیا، مگر اس طویل تفتیش کے باوجود کوئی ایسا ثبوت نہیں مل سکا جو رچرڈ ڈائسن کی گمشدگی کا معمہ حل کر دیتا۔
تاہم 2025 میں کی گئی نئی تلاشی کے نتائج بالکل مختلف ثابت ہوئے اور اس بار افسران کو ایسے شواہد ملے جنھوں نے نہ صرف مقدمے کو نئی سمت دی بلکہ ملزم کے بارے میں بھی ایک تشویش ناک تصویر پیش کی۔
اس مرتبہ چند غیرقانونی آتشیں اسلحوں کے بجائے پولیس کو ہتھیاروں کا ایک بڑا ذخیرہ ملا۔ برآمد ہونے والے سامان میں درجنوں بندوقیں، ہزاروں کارتوس، تلواریں، 30 سے 40 کلہاڑیاں، خنجر، کراس بو (ٹرگر والی کمان) اور یہاں تک کہ ٹرپ وائرز بھی شامل تھیں۔
تفتیشی افسر ٹام رائن نے کہا کہ ’یہ واضح تھا کہ ہمارا واسطہ ایک ایسے شخص سے تھا جسے ہتھیاروں سے غیرمعمولی حد تک دلچسپی تھی۔‘
ان کے بقول، اپنے پورے کریئر میں انھوں نے کسی ایک فرد کے گھر سے اتنی بڑی تعداد میں ہتھیار برآمد ہوتے نہیں دیکھے تھے۔
رائن نے مزید کہا کہ ’میں نے پہلے کبھی کسی شخص کی ملکیت میں اس قدر اسلحہ نہیں دیکھا۔ ان کے پاس اتنی بندوقیں اور ہتھیار تھے کہ گویا ایک چھوٹی فوج کو مسلح کیا جا سکتا تھا۔‘
پولیس کے مطابق یہ دریافت نہ صرف رائٹ کے اسلحے کے شوق کی عکاسی کرتی تھی بلکہ اس سے تفتیش کاروں کو اس کے طرزِ زندگی اور ذہنی رجحانات کو سمجھنے میں بھی مدد ملی، جو بعد میں قتل کے مقدمے کی تحقیقات میں اہم ثابت ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہCrown Prosecution Service
17 نومبر 2019 کی سی سی ٹی وی فوٹیج نے بھی تفتیش کاروں کے اس شبے کی تصدیق کر دی کہ رچرڈ ڈائسن کو زندہ حالت میں آخری مرتبہ دیکھنے والا شخص فارم کا مالک کرسٹوفر رائٹ تھا۔
کیمروں میں ریکارڈ ہونے والی تصاویر کے مطابق رچرڈ رات 11 بجے کے کچھ دیر بعد رائٹ کے فارم واپس آئے تھے۔ اس کے تقریباً 20 منٹ بعد رائٹ نے اپنے قریبی دوست کارل شوالبے کو فون کیا۔
پہلی کال کا جواب نہیں دیا گیا، تاہم چند منٹ بعد ہونے والی دوسری کال چند سیکنڈ تک جاری رہی۔ تفتیش کے مطابق اس مختصر گفتگو کے فوراً بعد سی سی ٹی وی فوٹیج میں شوالبے کی گاڑی رائٹ کے فارم کی جانب جاتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔
تفتیشی افسر ٹام رائن نے کہا، ’شوالبے نے رائٹ کی عملی طور پر کتنی مدد کی، اس بارے میں یقینی طور پر صرف یہی دونوں افراد جانتے ہیں۔‘
ان کے بقول، ’تاہم ایک بات واضح ہے کہ شوالبے گذشتہ سات برس کے دوران کسی بھی وقت رچرڈ کے خاندان کو حقیقت سے آگاہ کر کے ان کی اذیت اور بے یقینی کا خاتمہ کر سکتا تھا، لیکن اس نے ایسا نہیں کیا۔‘
رچرڈ ڈائسن کی گمشدگی کے تین روز بعد ہونے والے بینک لین دین کے ریکارڈ نے بھی تفتیش کاروں کی توجہ حاصل کی۔ ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ کرسٹوفر رائٹ نے ہوئلینڈ میں واقع آلینڈیل بلڈنگ سپلائیز کا دورہ کیا تھا۔
اگرچہ استغاثہ اس بات کو قطعی طور پر ثابت نہیں کر سکا، تاہم مقدمے کی سماعت کے دوران یہ موقف اختیار کیا گیا کہ رائٹ غالباً وہاں سے سیمنٹ خریدنے گیا تھا۔ تفتیش کاروں کا خیال تھا کہ یہی سیمنٹ بعد میں اس ڈرم کو بھرنے کے لیے استعمال کیا گیا، جس میں رچرڈ ڈائسن کی باقیات چھپا کر ایک پرانے ٹریلر میں رکھ دی گئی تھیں۔
یہ شواہد، فون ریکارڈز، سی سی ٹی وی فوٹیج، بینک لین دین اور بالآخر ٹریلر سے ملنے والی باقیات، سب مل کر اس قتل کے معمہ کو حل کرنے میں اہم ثابت ہوئے، جو چھ برس تک پولیس اور رچرڈ کے خاندان کے لیے ایک راز بنا رہا۔

،تصویر کا ذریعہSouth Yorkshire Police
مقدمے کی سماعت شروع ہونے سے کافی پہلے استغاثہ کو اندازہ تھا کہ کرسٹوفر رائٹ اپنی صفائی میں یہ مؤقف اختیار کر سکتا ہے کہ رچرڈ ڈائسن کی گمشدگی اور قتل میں کوئی اور شخص ملوث تھا۔ تاہم استغاثہ کے مطابق برسوں پر محیط تحقیقات کا رخ مسلسل انھی دو افراد، یعنی رائٹ اور کارل شوالبے، کی جانب جاتا رہا۔
سینیئر کراؤن پراسیکیوٹر جیمی بارٹن نے کہا کہ ’ہماری تفتیش میں سامنے آنے والے تمام شواہد بالآخر رائٹ اور شوالبے تک پہنچتے تھے۔‘
تاہم بارٹن کے مطابق اس مقدمے میں تفتیش کاروں کو غیرمعمولی مشکلات کا سامنا بھی رہا۔ رچرڈ ڈائسن کے لاپتا ہونے اور ان کی لاش ملنے کے درمیان تقریباً چھ سال کا طویل وقفہ گزر چکا تھا، جس کے باعث فارنزک شواہد محدود ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ دستیاب سی سی ٹی وی فوٹیج بھی آج کے مقابلے میں کم معیار کی تھی، جبکہ موبائل فون ڈیٹا بھی بہت کم مقدار میں میسر تھا۔
تحقیقات کے باوجود قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیار بھی کبھی برآمد نہیں ہو سکا۔ پولیس نے متعدد ہتھیار قبضے میں لیے، لیکن ان میں سے کسی کو بھی رچرڈ کی جان لیوا زخموں کے ساتھ حتمی طور پر منسلک نہیں کیا جا سکا۔
بارٹن نے کہا کہ اگرچہ قانونی طور پر قتل کا محرک ثابت کرنا ضروری نہیں تھا، تاہم تفتیش کے دوران ایسے شواہد ضرور سامنے آئے جو مقامی سطح پر عرصے سے گردش کرنے والی ان افواہوں کی تائید کرتے تھے کہ رچرڈ ڈائسن نے مبینہ طور پر کرسٹوفر رائٹ سے چوری کی تھی۔
استغاثہ کے مطابق یہی معاملہ دونوں افراد کے درمیان تنازع کا سبب بنا اور ممکنہ طور پر قتل کے پس منظر میں بھی یہی وجہ کارفرما ہو سکتی تھی، اگرچہ اسے قطعی طور پر ثابت نہیں کیا جا سکا۔
جیمی بارٹن نے کہا کہ ’یہ مقدمے کے بارے میں ایک ممکنہ نظریہ ہے۔ ہم اس بارے میں مکمل یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے، لیکن یہ ایک ایسا عنصر ضرور ہے جسے اس کیس کے تناظر میں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔‘
یوں اگرچہ اس مقدمے میں قتل کا ہتھیار کبھی نہیں ملا اور کئی اہم فارنزک شواہد وقت گزرنے کے ساتھ ضائع ہو چکے تھے، تاہم فون ریکارڈز، سی سی ٹی وی تصاویر، بینک لین دین، عینی شواہد اور بالآخر ایک پرانے ٹریلر سے ملنے والی انسانی باقیات نے مل کر استغاثہ کو اتنا مضبوط مقدمہ فراہم کیا کہ چھ برس بعد رچرڈ ڈائسن کے قتل کا معمہ حل ہو گیا۔

،تصویر کا ذریعہBBC/Victoria Scheer
مقدمے کی سماعت کے دوران جیوری کو بارنسلے پولیس سٹیشن کے باہر کرسٹوفر رائٹ اور کارل شوالبے کے درمیان ہونے والی گفتگو کی ایک خفیہ آڈیو ریکارڈنگ بھی سنائی گئی، جسے استغاثہ نے اہم ثبوت کے طور پر پیش کیا۔
ریکارڈنگ میں رائٹ اپنے دوست سے اسے مشکل میں ڈالنے پر معذرت کرتے ہوئے سنائی دیتا ہے، جبکہ شوالبے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کاش وہ اس رات فارم پر نہ گئے ہوتے۔
تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والی ایک دوسری ریکارڈنگ میں رائٹ کو دعا کرتے اور اپنے اعمال کے بارے میں بات کرتے ہوئے بھی سنا گیا۔ تفتیشی افسر ٹام رائن کے مطابق، رائٹ ریکارڈنگ میں ایسی باتیں کر رہا تھا جنھیں تفتیش کاروں نے خاص اہمیت دی۔ رائن نے کہا کہ ’وہ یہ کہہ رہا تھا، ’میں نے صرف وہی کیا جو اپنی بقا کے لیے ضروری تھا۔ انھوں نے اسی ہاتھ کو کاٹا تھا جو انھیں کھانا کھلا رہا تھا۔ میں امید کرتا ہوں کہ پولیس میرے ہتھیار نہ ڈھونڈ لے۔‘
استغاثہ کے مطابق ان بیانات نے نہ صرف رائٹ کے ذہنی رویے اور سوچ کی جھلک فراہم کی بلکہ دیگر شواہد کے ساتھ مل کر اس مقدمے میں اس کے خلاف کیس کو مزید مضبوط بنانے میں بھی کردار ادا کیا۔ عدالت میں پیش کیے گئے فون ریکارڈز، سی سی ٹی وی فوٹیج، ٹریلر سے ملنے والی باقیات، خفیہ ریکارڈنگز اور دیگر شواہد نے بالآخر جیوری کو اس نتیجے پر پہنچایا کہ رچرڈ ڈائسن کے قتل میں رائٹ اور شوالبے کا کردار ثابت ہو چکا ہے۔

،تصویر کا ذریعہSouth Yorkshire Police
چھ برس تک جاری رہنے والی تفتیش، بے شمار سوالات اور متعدد ثبوتوں کے باوجود، ٹام رائن کے نزدیک اس مقدمے کا سب سے اہم پہلو قاتلوں کی سزا، خفیہ ریکارڈنگز، ڈائری کا اندراج، پرانا مویشیوں کا ٹریلر یا برآمد ہونے والے ہتھیار نہیں تھے۔
ان کے مطابق اصل اہمیت اس بات کی تھی کہ آخرکار رچرڈ ڈائسن کی بیٹی کو اپنے والد کے انجام کے بارے میں یقین ہو گیا۔
رائن نے کہا کہ ’میرے خیال میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ رچرڈ کی بیٹی کو معلوم ہو گیا کہ ان کے والد اب اس دنیا میں نہیں رہے۔‘
ان کے بقول، خاندان کو اگرچہ طویل عرصے سے یہ اندازہ تھا کہ رچرڈ غالباً وفات پا چکے ہیں، کیونکہ برسوں تک ان کا کوئی سراغ یا رابطہ نہیں ملا تھا، تاہم ایسی صورتحال میں امید پوری طرح ختم نہیں ہوتی۔
رائن نے کہا کہ ’انھیں معلوم تھا کہ ان کے والد غالباً وفات پا چکے ہیں، کیونکہ اتنے عرصے سے ان کی کوئی خبر نہیں تھی۔ لیکن انسان ہمیشہ اس پانچ فیصد امید کو تھامے رکھتا ہے، کیونکہ وہ اس تلخ حقیقت کو مکمل طور پر تسلیم نہیں کرنا چاہتا۔‘
انھوں نے کہا کہ رچرڈ کی باقیات کی دریافت اور مقدمے کے فیصلے نے کم از کم خاندان کو برسوں کی بے یقینی کے بعد کچھ ذہنی سکون فراہم کیا۔
رائن کے مطابق، ’یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ انھیں کسی حد تک ذہنی اطمینان حاصل ہو سکا، اور مجھے امید ہے کہ انھیں وہ انصاف بھی ملا ہوگا جس کے وہ واقعی مستحق تھے۔‘
رچرڈ ڈائسن کے قتل کا یہ مقدمہ اس بات کی مثال بن گیا کہ بعض اوقات ایک معمولی سا سراغ، ایک پرانی ڈائری، بھلا دیے گئے ٹریلر یا برسوں پرانے فون ریکارڈز کی دوبارہ جانچ بھی ایسے راز سے پردہ اٹھا سکتی ہے جو طویل عرصے تک حل نہ ہو سکا ہو۔ تاہم اس کیس کا سب سے اہم نتیجہ شاید یہی تھا کہ ایک خاندان کو چھ برس بعد اپنے پیارے کے بارے میں حقیقت معلوم ہو گئی اور انتظار کا ایک اذیت ناک باب ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا۔



















