باقر قالیباف اور عباس عراقچی قطر کے امیر سے مذاکرات کے لیے دوحہ پہنچ گئے: ایرانی میڈیا
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف اور وزیرِ خارجہ عباس عراقچی قطر کے امیر اور اعلیٰ حکام سے مذاکرات کے لیے دوحہ پہنچ گئے ہیں۔
خبر رساں اداروں رائٹرز اور اے ایف پی نے ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کے دونوں سینئر عہدیدار قطر کے وزیرِاعظم سے اہم علاقائی اور سفارتی امور پر بات چیت کریں گے۔
رائٹرز کے مطابق مذاکرات میں خاص طور پر آبنائے ہرمز اور ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخائر سے متعلق امور زیرِ بحث آئیں گے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ نے اس سے قبل یہ خبر دی تھی کہ ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ عبدالناصر ہمتی بھی ’منجمد اثاثوں پر سے پابندیوں کے خاتمے اور اقتصادی مذاکراتی کمیشن‘ کے سلسلے میں قطر پہنچے ہیں۔
گزشتہ ہفتے قطر کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ایران کا دورہ کر چکا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات میں ایران کے اہم مطالبات میں اس کے منجمد مالی وسائل کی بحالی بھی شامل ہے۔