آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, ایرانی تنصیبات پر حملوں کی صورت میں امریکی اہداف ہمارے نشانے پر ہوں گے: قالیباف کا امریکی سیکریٹری دفاع کو جواب

پیر کو امریکی سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگستھ کو مخاطب کرتے ہوئے قالیباف کا کہنا تھا کہ ’اگر ہماری تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا تو جواب میں آپ کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم یہ پہلے بھی یہ ثابت کر چکے ہیں۔ اُن (امریکی) اڈوں سے پوچھ لیں جو اب قابلِ استعمال نہیں رہے۔‘

خلاصہ

  • سعودی عرب نے یمن کے متعدد علاقوں کو 'فضائی حملوں اور کروز میزائلوں' کے ذریعے نشانہ بنایا: حوثیوں کا الزام
  • سعودی عرب نے یمن کے متعدد علاقوں کو 'فضائی حملوں اور کروز میزائلوں' کے ذریعے نشانہ بنایا: حوثیوں کا الزام
  • ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے پہلی بار ایک امریکی بحری جہاز کے خلاف ایرانی ساختہ اینٹی ڈسٹرائر میزائل کا استعمال کیا ہے
  • پاسدارانِ انقلاب کا آبنائے ہرمز کے 'غیر مجاز راستوں' سے گزرنے والے تین آئل ٹینکروں اور علاقے میں موجود تین امریکی جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
  • پنجاب کو ہمسایہ ممالک سے کم اور پڑوسی صوبوں سے زیادہ خطرہ ہے: وزیرِ اعلیٰ مریم نواز
  • امریکی فوج کا پاسدارانِ انقلاب کے تین تیل بردار جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ

لائیو کوریج

  1. اسرائیلی حملوں میں دو بچوں اور چار خواتین سمیت 12 افراد ہلاک: لبنانی وزارت صحت

    لبنان کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں دو بچے، چار خواتین اور ایک پیرامیڈک شامل ہیں۔

    بی بی سی عربی کے مطابق نبطیہ شہر کے قریب واقع قصبے کفر رمان میں رات کے وقت ہونے والے ایک حملے میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے، جس میں ایک تین منزلہ رہائشی عمارت تباہ ہو گئی، جبکہ اسی قصبے میں ایک گاڑی پر ہونے والے ایک اور حملے میں ایک پیرامیڈک ہلاک ہوا۔

    لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق عمارت پر حملے میں مزید آٹھ افراد زخمی ہوئے، جن میں تین بچے اور ایک پیرامیڈک شامل ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے رات کو جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے منسلک کئی مقامات کو نشانہ بنایا اور اس کے بقول ان حملوں میں ان ہی افراد کو نشانہ بنایا گیا جنھیں اسلحہ منتقل کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

    اسرائیلی فوج نے مزید کہا کہ یہ کارروائی اس کے فوجیوں کی طرف دھماکا خیز مواد سے لدے دو ڈرون بھیجے جانے کے جواب میں کی گئی۔

    اسرائیلی فوج کے مطابق ان حملوں کا مقصد حزب اللہ کی جانب سے پیدا ہونے والے ’خطرات کو ختم کرنا‘ تھا۔

    یہ حملے جنوبی لبنان میں جاری کشیدگی کے تناظر میں سامنے آئے ہیں، جہاں لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق تین دنوں میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    لبنان کے صدر جوزف عون ان کارروائیوں کو ’خطرناک کشیدگی‘ قرار دے رہے ہیں، جو ان کے بقول جون میں امریکہ کی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔

    انہوں نے امریکہ اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی حملوں کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔

  2. توانائی کی برآمدات اور تجارت کو امریکہ، ایران جنگ میں یرغمال نہیں بننے دیں گے: متحدہ عرب امارات

    متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر انور قرقاش کا کہنا ہے کہ ان کا ملک اپنی توانائی کی برآمدات اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے متبادل راستے تعمیر کر رہا ہے تاکہ وہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے باعث ’یرغمال‘ نہ ہوں۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق قرقاش نے ابو ظہبی میں ایک فورم پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری توانائی کی برآمدات، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کو یرغمال نہیں بنایا جا سکتا۔‘

    انھوں نے اپنے خطاب کے دوران ایران کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے تعلقات کی بحالی کو خارج الامکان تو قرار نہیں دیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایران کے حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی بحالی میں کئی دہائیاں لگ سکتی ہیں۔

    انور قرقاش نے خلیجی عرب ریاستوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ ایران کے معاملے میں مشترکہ ردعمل دینے میں ناکام رہیں۔

  3. سعودی عرب کے آئل ٹینکر پر ایرانی حملے کے بعد عملے کے 16 اراکان کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا: عمان

    عمان کے میری ٹائم سکیورٹی سینٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے سعودی آئل ٹینکر پر حملے کے بعد اس نے عملے کے 16 ارکان کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

    ’سدر‘ ان دو سپر ٹینکروں میں سے ایک تھا جو سعودی تیل لے جا رہے تھے اور جن کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ گذشتہ ہفتے پیر کے روز آبنائے ہرمز سے گزرتے وقت انہیں نشانہ بنایا گیا تھا۔

    سعودی عرب نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ قومی شپنگ کمپنی کی ملکیت اس ٹینکر پر حملے کے نتیجے میں دو فلپائنی ملاح ہلاک ہو گئے تھے۔

  4. پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    لاہور میں ایک انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

    پیر کو ‏حماد اظہر کو چہرے پر کپڑا ڈال کر اور ہاتھوں میں ہتکھڑیاں لگا کر عدالت پیش کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل لاہور پولیس نے حماد اظہر کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اشتہاری مجرم تھے اور پولیس کو 18 مقدمات میں مطلوب تھے۔

    ترجمان لاہور پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ حماد اظہر گذشتہ تین برسوں سے روپوش تھے اور اب انھیں مجاز عدالت میں پیش کر کے اُن کا تفتیش کی غرض سے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

    پی ٹی آئی نے حماد اظہر کی گرفتاری کو ’سیاسی انتقام‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی تھی۔

  5. ’ہماری تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے تو آپ خود بھی ہمارا ہدف بنیں گے‘: قالیباف کا امریکی سیکریٹری دفاع کو جواب

    ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگستھ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے ملک کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو تہران امریکہ اہداف کو بھی نشانہ بنائے گا۔

    پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر امریکی سیکریٹری دفاع کو مخاطب کرتے ہوئے قالیباف کا کہنا تھا کہ ’اگر ہماری تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا تو جواب میں آپ کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم یہ پہلے بھی یہ ثابت کر چکے ہیں۔ اُن (امریکی) اڈوں سے پوچھ لیں جو اب قابلِ استعمال نہیں رہے۔‘

    خیال رہے دو دن قبل امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا تھا کہ ’اگر ایران امریکہ بحری جہازوں پر حملہ کرے گا تو ہم ان کے آئل ٹینکرز کو تباہ اور غرق کر دیں گے۔ انھیں (ایران) کو چاہیے کہ امریکہ بحریہ پر حملے نہ کرے۔‘

    انھوں نے مزید کہا تھا کہ ’ایران کے آئل ٹینکرز ناقابل دفاع ہیں، ایران کے کے پاس نہ بحریہ ہے اور نہ فضائیہ۔ ہمارے ہوائی جہاز، بحری جہاز اور آبدوزیں انھیں جب چاہیں نشانہ بنا سکتی ہیں۔‘

  6. خلیجی خطے میں امریکہ کے ساتھ سٹریٹجک اتحاد اہم ہے، مگر کافی نہیں: قطری عہدیدار

    قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کا کہنا ہے کہ ایران جنگ نے یہ بات نمایاں کی ہے کہ خلیجی ریاستیں اپنی سلامتی کے لیے صرف امریکہ کے ساتھ سٹریٹجک پارٹنرشپ پر انحصار نہیں کر سکتیں۔

    قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ابو ظہبی میں ایک فورم پر خطاب کے دوران کہا کہ ’ہمیں خلیجی خطے میں یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ خطے میں بین الاقوامی افواج کی موجودگی اور امریکہ کے ساتھ سٹریٹجک اتحاد انتہائی اہم ہے، لیکن یہ کافی نہیں ہے۔ سلامتی کے معاملے میں خود انحصاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔‘

  7. سعودی عرب نے یمن کے متعدد علاقوں کو ’فضائی حملوں اور کروز میزائلوں‘ کے ذریعے نشانہ بنایا: حوثیوں کا الزام

    حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب نے یمن کے مختلف علاقوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔

    حوثیوں کے خبر رساں ادارے صبا نیوز ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے ’صوبہ الجوف، البیضا، مأرب اور تعز میں مختلف مقامات کو فضائی حملوں اور کروز میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔‘

    خیال رہے حوثیوں نے آبنائے باب المندب سے متصل علاقوں پر قبضے کے لیے ایک کارروائی شروع کر رکھی ہے۔

    گذشتہ جمعرات کو حوثی کارروائی کے آغاز کے بعد سے حوثیوں اور یمنی حکومتی افواج کے درمیان لڑائی میں ہلاکتوں کی تعداد سینکڑوں تک پہنچ چکی ہے۔

    حوثی، جو خود کو انصار اللہ کہتے ہیں، ایران کے اتحادی ہیں اور یمن کی حکومتی افواج کے خلاف برسرِ پیکار ہیں، جنہیں سعودی عرب کی حمایت حاصل ہے۔

    حوثیوں کا شمالی یمن، بحیرۂ احمر کا ساحلی علاقہ اور دارالحکومت صنعاء پر کنٹرول ہے۔

    یمنی صدارتی قیادت کونسل، جسے بین الاقوامی برادری تسلیم کرتی ہے، مشرقی یمن، جنوبی ساحلی پٹی اور بندرگاہ عدن پر کنٹرول رکھتی ہے۔

    حوثیوں نے سعودی ناکہ بندی توڑنے کے لیے جوابی ناکہ بندی کا اعلان کیا ہے اور بحیرۂ احمر میں سعودی تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

  8. لاہور پولیس کی حماد اظہر کی گرفتاری کی تصدیق: پی ٹی آئی رہنما ’18 مقدمات میں مطلوب اور تین سال سے روپوش تھے‘, ترہب اصغر، بی بی سی اُردو

    لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اشتہاری مجرم تھے اور پولیس کو 18 مقدمات میں مطلوب تھے۔

    ترجمان لاہور پولیس کی جانب تے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ حماد اظہر گذشتہ تین سال سے روپوش تھے اور اب انھیں مجاز عدالت میں پیش کر کے اُن کا تفتیش کی غرض سے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے اتوار کے روز دعویٰ کیا تھا پولیس نے حماد اظہر کو گرفتار کر لیا ہے، پی ٹی آئی نے اس اقدام کو ’سیاسی انتقام‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی تھی۔

    تاہم پی ٹی آئی کے ان ابتدائی دعوؤں پر پولیس حکام کا کہنا تھا کہ انھیں حماد اظہر کی گرفتاری کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔

    پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے اتوار کے روز دعویٰ کیا کہ اس کے رہنما حماد اظہر کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس اقدام کو #سیاسی انتقام" قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر پر نو مئی 2023 کو ہونے والے پرتشدد ہنگاموں کے علاوہ دیگر معاملات میں کئی مقدمات درج ہیں۔

  9. خلیجِ فارس میں فوجی کارروائیوں میں شرکت کے ’سنگین نتائج‘ ہوں گے: ایران کی جنوبی کوریا کو تنبیہ

    ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایکس پر اپنے ایک حالیہ بیان میں جنوبی کوریہ کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’خلیجِ فارس اور آبنائے ہرمز میں کارروائیوں میں شرکت کے ’سنگین نتائج‘ ہوں گے۔‘

    اسماعیل بقائی نے ایکس پر کوریائی زبان میں جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’ایران جنوبی کوریا کی موجودگی کو حملہ اور امریکی ’جارحیت‘ میں شرکت تصور کرے گا۔‘

    یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنوبی کوریا آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی سکیورٹی اور آزادانہ آمدورفت یقینی بنانے کی کوششوں میں شرکت کے مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے۔

  10. لبنان میں اسرائیلی فوج کا حملہ، دو بچوں سمیت نو افراد ہلاک

    لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے ایک قصبے میں رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں دو بچوں سمیت کم از کم نو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ حملہ جنوبی لبنان کے قصبے کفر رمان میں کیا گیا۔

    اسرائیل جنوبی لبنان کے ایک حصے کو ’سکیورٹی زون‘ قرار دیتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ جب تک حزب اللہ غیر مسلح نہیں ہوتی، وہ ان علاقوں سے اپنی فوج واپس نہیں بلائے گا۔

    گزشتہ چند روز کے دوران جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں میں ایک بار پھر شدت آئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مارچ سے اب تک لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 4,300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  11. صوبہ سیستان میں مسلح گروپ کے ساتھ جھڑپ کے بعد حملے میں پاسدارانِ انقلاب کے دو اہلکار ہلاک

    ایران کے مقامی میڈیا کے مطابق صوبہ سیستان و بلوچستان میں مسلح مخالفین کے ایک گروپ کے ساتھ جھڑپ کے بعد ان کی گاڑی پر ہونے والے حملے میں پاسدارانِ انقلاب کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔

    ایرانی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ واقعہ زاہدان کے علاقے کورین میں پیش آیا۔

    حملے میں ہلاک ہونے والے دونوں اہلکاروں کا تعلق ’شہید میر حسینی بیس‘ سے تھا، جو سیستان و بلوچستان میں پاسدارانِ انقلاب کی بری افواج کا ایک اڈہ ہے۔

    سیستان و بلوچستان کے گورنر کے دفتر برائے سکیورٹی و قانون نافذ کرنے والے امور کے نائب سربراہ نے بتایا کہ ’دونوں اہلکار بسیج کے لیے امدادی سامان اور خوراک لے جانے والی گاڑی پر حملے کے دوران ہلاک ہوئے۔‘

    سیستان و بلوچستان صوبہ طویل عرصے سے ایرانی حکومت کے لیے سکیورٹی کے اعتبار سے ایک مشکل ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔

  12. جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے، چار افراد ہلاک، 20 زخمی

    اسرائیلی فوج نے پیر کی صبح جنوبی لبنان کے قصبے دیر الزہرانی کے ایک مخصوص علاقے کے رہائشیوں کو انخلا کی ہدایت کی، جس کے بعد اس نے کہا کہ ’وہاں ایران کے حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ کے خلاف حملے کیے جائیں گے۔‘

    اسرائیلی فوج کی جانب سے دیر الزہرانی کے ایک مخصوص علاقے پر بمباری کی وجہ سے چار افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئِ ہیں۔

    اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ ’حزب اللہ کی سرگرمیاں اسے اس کے خلاف طاقت کا استعمال کرنے پر مجبور کرتی ہیں اور فوج حزب اللہ کے ایک عسکری مرکز کو نشانہ بنا رہی ہے۔‘

    بعدازاں حزب اللہ کے ٹی وی چینل المنار نے رپورٹ کیا کہ ’اسرائیلی فضائی حملوں میں دیر الزہرانی کو نشانہ بنایا گیا۔‘

    اس سے ایک روز قبل اتوار کو جنوبی لبنان کے نبطیہ ریجن میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے تھے۔ لبنانی صدر جوزف عون نے امریکہ اور عالمی برادری سے حملے رکوانے کے لیے ’فوری اقدامات‘ کرنے کا مطالبہ کیا۔

    لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق نبطیہ شہر کے قریب قصبے نبطیہ الفوقا میں دو افراد ہلاک ہوئے، جبکہ چند کلومیٹر دور واقع عرب سلیم میں دو خواتین ہلاک ہوئیں۔ وزارت کے مطابق مختلف علاقوں میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں خواتین اور تین بچے شامل ہیں۔

    حملوں میں کئی مکانات تباہ اور ایک سرکاری اداروں کی عمارت کو نقصان پہنچا، جبکہ نبطیہ الفوقا میں صلاح غندور ہسپتال بھی تباہ ہوگیا اور اب سروس فراہم نہیں کر رہا۔

    وزارتِ صحت نے ہسپتال کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’بین الاقوامی انسانی قانون کی ایک اور سنگین خلاف ورزی‘ قرار دیا۔

    اسرائیلی فوج نے کہا کہ ’یہ حملے حزب اللہ کی جانب سے جنوبی لبنان میں اسرائیل کے زیرِ قبضہ ’سکیورٹی زون‘ میں اس کی فورسز کی جانب دو ڈرون بھیجے جانے کے جواب میں کیے گئے۔‘

    اسرائیلی فوج کے مطابق انھوں نے ایک ڈرون پر فائرنگ کرکے اسے روک لیا، جبکہ دوسرے ڈرون کے بارے میں مزید تفصیل نہیں بتائی گئی۔‘ فوج نے ڈرونز کے بھیجے جانے کو ’جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی‘ قرار دیا اور کہا کہ اس کے کسی فوجی کو نقصان نہیں پہنچا۔‘

    حزب اللہ نے ان دونوں ڈرونز کو بھیجنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور نہ ہی اسرائیلی فوج کے دعوے پر فوری ردِعمل دیا۔

    بعدازاں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے حزب اللہ کے ہتھیاروں کے گوداموں کو نشانہ بنایا، جن کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ انھیں ’سکیورٹی زون میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور ہدایات دینے‘ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

    اسرائیلی فوج کے مطابق جنوبی لبنان میں ایک عمارت کے اندر واقع حزب اللہ کے کمانڈ پوسٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جو اس سے قبل ہسپتال کے طور پر استعمال ہوتی تھی۔

    فوج کا کہنا ہے کہ ’حزب اللہ کے ارکان ماضی میں اس مرکز سے کام کرنے کے علاوہ اسے نگرانی اور توپ خانے سے متعلق کارروائیوں کے لیے بھی استعمال کرتے رہے ہیں۔‘

  13. تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری، برینٹ 97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا

    مشرقی ایشیا کی منڈیوں میں پیر کی صبح تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ خلیجِ فارس میں ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع برقرار ہے۔

    شمالی سمندر کے برینٹ خام تیل کی قیمت پیر کی صبح 96.94 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جو تقریباً 97 ڈالر بنتی ہے۔

    تقریباً 10 روز قبل، ایران اور امریکہ کے درمیان فوجی جھڑپوں کے نئے دور سے پہلے، برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت تقریباً 86 ڈالر تھی۔

  14. غیر ملکی صحافیوں کا سریِک میں امریکی فوج کی بمباری کا نشانہ بننے والی شادی کی تقریب کے مقام کا دورہ: فارس نیوز

    ایران کے ذرائع ابلاغ کے مطابق غیر ملکی صحافیوں کے ایک گروپ کو سریِک جانے اور کوہستک میں واقع اس گھر کا دورہ کرنے کی اجازت دی گئی جہاں شادی کی تقریب جاری تھی اور جو علاقے پر امریکی فضائی حملے کے دوران متاثر ہوا۔

    فارس نیوز ایجنسی نے اتوار، 5 ستمبر کو رپورٹ کیا کہ نو ممالک سے تعلق رکھنے والے 30 صحافیوں کو اس علاقے میں لے جایا گیا۔ صحافیوں نے دہستک میں شادی کی تقریب کے مقام کا دورہ کیا اور وہاں رپورٹنگ کے علاوہ ساحلِ سمندر پر نصب مواصلاتی ٹاور کا بھی جائزہ لیا۔

    اس واقعے میں، جس کے بارے میں روئٹرز اور واشنگٹن پوسٹ نے فوجی ماہرین کے حوالے سے کہا کہ یہ امریکی ساختہ گولہ بارود کے استعمال کے نتیجے میں پیش آیا، ایک بچے سمیت پانچ افراد ہلاک جبکہ بچوں اور خواتین سمیت 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

    ایران نے اس فضائی حملے کو ’جنگی جرم‘ قرار دیا ہے، تاہم سینٹ کام کا کہنا ہے کہ امریکی فوج اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس نے زور دیا ہے کہ امریکی فوجی افواج ’کبھی بھی‘ شہریوں کو نشانہ نہیں بناتیں۔

  15. پہلی بار امریکہ کے خلاف ایرانی ’اینٹی ڈسٹرائر‘ میزائل استعمال کیا گیا: محسن رضائی

    ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے پہلی بار ایک امریکی بحری جہاز کے خلاف ایرانی ساختہ اینٹی ڈسٹرائر میزائل کا استعمال کیا ہے۔

    محسن رضائی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ ’48 گھنٹے قبل ہم نے پہلی بار ایک امریکی بحری جہاز کے خلاف ایرانی اینٹی ڈسٹرائر میزائل کا تجربہ کیا۔ اس مخصوص میزائل نے امریکیوں کے لیے جہنم برپا کر دی اور وہ فرار ہو گئے۔‘

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایران کے اس دعوے پر براہِ راست کوئی ردِعمل نہیں دیا، تاہم گزشتہ روز ایکس پر ایک پوسٹ میں اس نے بظاہر اپنے دو بحری جہازوں پر ہونے والے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ ’پاسدارانِ انقلاب کے لیے پیغام واضح ہے اگر آپ ہمارے دو بحری جہازوں پر فائر کریں گے تو ہم آپ پر کہیں زیادہ بھاری معاشی لاگت عائد کریں گے اور آپ کے تین بحری جہاز تباہ کر دیں گے۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ’ہم امریکی افواج کے دفاع سے دریغ نہیں کریں گے اور ضرورت پڑنے پر ایران کے محدود اور کمزور ٹینکر بیڑے کو تباہ کر دیں گے۔‘

    پاسدارانِ انقلاب کے سابق کمانڈر نے اس علاقے میں بحری آمدورفت کے ممکنہ نتائج کے بارے میں کہا کہ ”خلاف ورزی کرنے والے وہ بحری جہاز جو ایران کے ساتھ رابطہ کیے بغیر کارروائی کریں گے، ایران کی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہوں گے اور انہیں انشورنس کے مسائل اور بعد میں گزرنے میں مشکلات سمیت دیگر نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔“

  16. ایران کا آبنائے ہرمز کے باہر ’نو گو زون‘ قائم کرنے کا عندیہ

    ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک آئندہ چند روز میں آبنائے ہرمز کے باہر ایک ’نو گو زون‘ قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ یہ تہران کی جانب سے امریکہ کے ساتھ بڑھتی ہوئی فوجی اور اقتصادی کشیدگی کے دوران تازہ ترین اقدام ہے۔

    محسن رضائی نے اتوار کو ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ زون امریکی بحریہ کی جانب سے قائم کردہ محاصرے کی لائن سے شروع ہوگی اور خلیج کے کچھ حصوں تک پھیلی ہوئی ہوگی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ’نئے زون میں داخل ہونے والے کسی بھی بحری جہاز کو ایران کی ’پابندیوں کی فہرست‘ میں شامل کر دیا جائے گا،‘ تاہم انھوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کے خلاف تہران کیا اقدامات کرے گا۔

    رضائی نے یہ بھی کہا کہ ’آبنائے ہرمز ’مکمل طور پر بند‘ ہے اور ایرانی مسلح افواج کے کنٹرول میں ہے۔‘

    تاہم یہ بیان امریکی مؤقف سے متصادم ہے، جس کے مطابق اس اہم آبی گزرگاہ سے تیل بردار جہازوں کی آمدورفت جاری ہے۔

    امریکی وزیرِ توانائی کرس رائٹ نے اتوار کو کہا کہ روزانہ 90 لاکھ بیرل سے زیادہ تیل آبنائے ہرمز سے گزرتا ہے۔ ان کے مطابق متبادل سپلائی راستوں کے ذریعے تیل کی ترسیل بڑھ کر اس سطح کے تقریباً دو تہائی تک پہنچ گئی ہے جو موجودہ کشیدگی شروع ہونے سے پہلے ریکارڈ کی گئی تھی۔

    معمول کے حالات میں دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل اور مائع قدرتی گیس کی سپلائی آبنائے ہرمز سے گزرتی ہے، اس لیے اس آبی گزرگاہ میں بحری آمدورفت میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی توانائی کی منڈیوں کے لیے اہم اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

    محسن رضائی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ نے ایران پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے اور اس کے تیل کی برآمدات کو ہدف بنانے والی بحری ناکہ بندی کے ساتھ ساتھ ایران پر پابندیاں بھی سخت کر دی ہیں۔

  17. متناسب ردعمل کا دور ختم، سلامتی کے خلاف اقدامات کا جواب زیادہ شدید ہوگا: قالیباف کی امریکہ کو دھمکی

    ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب متناسب جواب دینے کا وقت ختم ہو چکا اور ’کھیل کے قواعد‘ تبدیل ہو چکے ہیں۔

    ایرانی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت ’پورے کفر کے محاذ کے خلاف ایک ہمہ گیر جنگ‘ لڑ رہا ہے اور ’امریکی اڈوں پر شدید حملوں کے بعد دشمن ممالک کے رہنما مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں اور کھوکھلے بیانات اور نعروں کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی مدد سے محاذِ جنگ کی تصاویر اور ویڈیوز تیار کر رہے ہیں۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’امریکیوں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ متناسب ردِعمل کا دور اب ختم ہو چکا ہے اور جارح قوت کے اڈے پر ہماری حالیہ کارروائی میں کیے گئے حملے صرف آغاز تھے۔‘

    ’اگر وہ اب تک یہ نہیں سمجھے تو انہیں تاخیر ہونے سے پہلے سمجھ لینا چاہیے کہ کھیل کے قواعد بدل چکے ہیں اور اب سے ایران کے مفادات اور سلامتی کے خلاف کسی بھی اقدام کا جواب زیادہ تیز، زیادہ شدید اور زیادہ تکلیف دہ ہوگا۔‘

  18. گذشتہ روز کی چند اہم خبریں

    آئیے آج کے دن میں آگے بڑھنے سے قبل گذشتہ روز کی چند اہم خبروں پر ایک نظر ڈالتے ہیں

    • انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک رہائشی عمارت منہدم ہو گئی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ درجنوں طلبہ اس کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً دوپہر 1:30 بجے جب جنوب مغربی دہلی کے علاقے ستیہ نکیتن میں واقع پانچ منزلہ عمارت گری، اس وقت اس میں ممکنہ طور پر 50 افراد موجود تھے۔
    • یمن میں فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ سنیچر کی سہ پہر سے اتوار کی صب تک جنوب مغربی یمن میں حکومتی افواج اور ایران کے اتحادی حوثیوں کے درمیان جھڑپوں میں دونوں جانب سے 140 سے زائد فوجی ہلاک ہوئے۔
    • بلوچستان کے ضلع مستونگ سے اتوار کے روزچھ نامعلوم افراد کی لاشیں ملیں جنھیں گولی مارکر ہلاک کیا گیا تھا۔ سرکاری حکام نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ لاشیں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر دو مختلف مقامات سے ملیں۔ مقامی لوگوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ایک بار لاشوں کو اٹھانے کے بعد واپس ان کو روڈ کے کنارے رکھ دیا گیا۔
    • بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بلوچستان کی مخلوط حکومت میں شامل جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی صدر عبدالرحمان لانگو ہلاک ہو گئے۔ نوشکی پولیس کے حکام نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح افراد نے اتوار کی شب ان کو ان کے گھر کے باہر نشانہ بنایا۔
  19. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔