لاہور میں ’اے آئی کے ذریعے‘ تعلیمی ادارے پر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام، فرسٹ ایئر کا طالب علم گرفتار

مصنوعی ذہانت
وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 5 منٹ

پاکستان میں سائبر کرائم کے خلاف قائم کردہ ادارے نے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں ایک 17 سالہ طالب علم کو تعلیمی ادارے کی عمارت کو بم سے اڑانے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

پیر کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی اور مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارم کلاڈ اے آئی کی اطلاع پر کی گئی اور اتوار کی شب لاہور کے علاقے بیدیاں میں ایک چھاپے کے دوران ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔

تاحال کلاڈ اے آئی نے اس کیس کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ 2016 اور تعزیراتِ پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ تاہم کارروائی کے دوران کوئی دھماکہ خیز مواد یا اسلحہ برآمد نہیں ہوا۔

اس مقدمے کے تفتیشی افسر عاقب علی خان نے بی بی سی کو بتایا کہ این سی سی آئی اے نے عدالت سے ملزم کا ریمانڈ حاصل کیا ہے اور ملزم سے تفتیش جاری ہے۔

خیال رہے کہ ستمبر کے دوران بہاولپور سے تعلق رکھنے والے ایک 17 سالہ لڑکے کو مبینہ طور پر اپنے والد کو زہر دے کر ہلاک کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کیس میں بھی این سی سی آئی اے نے جرم کی منصوبہ بندی کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کے خدشے کا اظہار کیا تھا۔

این سی سی آئی اے نے کیا بتایا؟

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور عاطف امیر نے میڈیا کو بتایا کہ ادارے کو مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارم کلاڈ اور امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی طرف سے اطلاع ملی تھی کہ پاکستان کے شہر لاہور کے علاقے بیدیاں میں ایک لڑکے نے 'اے آئی چیٹ بوٹ سے بات کرتے ہوئے ایک تجویز مانگی ہے کہ میں پوٹاشیم امونیم نائٹریٹ اور شوگر کو مکس کر کے دھماکہ خیز مواد بنانا چاہتا ہوں اور اس دھماکہ خیز مواد سے ایک بڑی اہم عمارت کو نقصان پہنچانا چاہتا ہوں۔'

ملزم لاہور کے ایک کالج میں فرسٹ ایئر کا طالب علم ہے۔

عاطف امیر کا کہنا تھا کہ ملزم نے 'کلاڈ اے آئی سے یہ بھی کہا کہ میں جب یہ کام کروں گا، عمارت کو دھماکہ خیز مواد سے نقصان پہنچاؤں گا تو میں اس منظر کو کافی کے ساتھ انجوائے کرنا چاہتا ہوں۔ میں کافی پیتے ہوئے یہ کام کرنا چاہتا ہوں۔'

مصنوعی ذہانت
تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

ایف آئی آر کے مطابق اکاؤنٹ کے آئی پی ریکارڈز کے تکنیکی تجزیے سے دو آئی پی ایڈریسز کی نشاندہی ہوئی اور دونوں کا مقام لاہور معلوم ہوا۔ ’صارف نے ایسے بیانات لکھے جن میں کیمیکلز کی مدد سے اپنے کالج کو دھماکے سے اُڑانے اور عمارت کو آگ لگانے کا ذکر تھا۔‘

کلاڈ اے آئی کے چیٹ بوٹ کے لیے ملزم نے 'ہر پل' کے نام سے آئی ڈی بنا رکھی تھی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور کا کہنا تھا کہ کلاڈ اے آئی نے اطلاع دی تھی کہ 'اس لڑکے نے ہم سے پوچھنے کے لیے یہ ٹائپ کیا ہے کہ میں یہ سارا کام کرنا چاہتا ہوں۔ اے آئی نے ہمیں فوری بتایا۔ یہ بڑا سنگین معاملہ تھا کہ وہ یہ کیوں کرنا چاہتا ہے اور یہ کیسے کرنا چاہ رہا ہے۔ این سی سی آئی اے کی ٹیم نے اس لڑکے کے گھر پر چھاپہ مارا اور اسے بیدیاں سے گرفتار کر لیا ہے۔'

انھوں نے کہا کہ حکام نے 'وہی لیپ ٹاپ ریکور کیا جس کے اندر ہر پل کے نام سے آئی ڈی موجود ہے۔ وہی سارا ڈیٹا بیس ریکور ہوا کہ وہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی ویب سائٹ سے پوچھ رہا ہے کہ میں نے دھماکہ خیز مواد بنا کر ایک اہم عمارت کو نقصان پہنچانا ہے۔ ہماری کارروائی سے یہ خطرہ ٹل گیا۔'

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور عاطف امیر کا مزید کہنا تھا کہ جس عمارت کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی وہ ایک سرکاری تعلیمی ادارہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملزم کی کوئی ذاتی رنجش تھی اور اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

انھوں نے خبردار کیا کہ اگر شہری مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارمز جیسے چیٹ جی پی ٹی، ڈیپ سیک یا کلاڈ پر ایسے منفی خیالات کا اظہار کرتے ہیں تو حکام کو اس سے مطلع کر دیا جاتا ہے۔

تفتیشی افسر عاقب علی خان کا کہنا ہے کہ ملزم کے مقاصد جاننے کے لیے ان کا فسیاتی تجزیہ کیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ اس مبینہ منصوبے کے پیچھے کیا محرکات تھے۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ملزم کے موبائل فون کا فرانزک جائزہ لیا جا رہا ہے۔

کلاڈ اے آئی کیا ہے؟

کلاڈ (Claude) ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ اور معاون ہے جسے امریکی کمپنی اینتھروپک نے تیار کیا ہے۔ یہ لارج لینگوئج ماڈلز پر کام کرتا ہے اور سوالات کے جواب دینے، تحریر لکھنے، خلاصہ تیار کرنے، ترجمہ کرنے، کوڈ لکھنے اور معلومات کا تجزیہ کرنے جیسے کام انجام دے سکتا ہے۔

کلاڈ کو خاص طور پر محفوظ، قابلِ اعتماد اور انسانی اقدار کے مطابق جوابات فراہم کرنے کے مقصد سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ کاروباری ادارے، محققین اور عام صارفین اسے مختلف پیشہ ورانہ اور روزمرہ کاموں میں استعمال کرتے ہیں۔

حالیہ برسوں میں کلاڈ کو اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی اور گوگل کے جیمنائی کا ایک اہم حریف سمجھا جانے لگا ہے۔ اس کے نئے ورژن طویل دستاویزات کے تجزیے اور پیچیدہ استدلال کی صلاحیتوں کے باعث توجہ حاصل کر چکے ہیں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔