ارجنٹینا کا ناقابلِ یقین کم بیک، ’میسی کا جادو‘ اور مصر کا غصہ: ’میچ کے آغاز سے ہی ناانصافی واضح تھی‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
کھیل ختم ہونے میں صرف 12 منٹ باقی تھے۔ مصر کو ارجنٹینا پر دو صفر کی برتری حاصل تھی اور وہ فٹ بال ورلڈ کپ میں اب تک کی سب سے بڑے فتح کے دہانے پر تھے۔ پہلی بار وہ کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے تھے۔ اور پھر سب کچھ بدل گیا۔
79ویں منٹ میں جب کرسچن رومیرو نے ارجنٹینا کی جانب سے پہلا گول کیا تو مصر کے پاس موقع تھا کہ وہ اس وقت بھی دفاع مضبوط کر سکتے تھے۔ لیکن چار منٹ بعد ہی میسی سکور لائن کو دو دو سے برابر کر چکے تھے اور مصری ٹیم پریشان نظر آ رہی تھی۔
اضافی ٹائم کے دو منٹ کے اندر ہی ارجنٹینا کی جانب سے انزو فرنینڈیز تیسرا گول کر چکے تھے اور مصری ٹیم باہر ہو چکی تھی۔ اس سے قبل مصر کی ٹیم اس وقت غصے میں دکھائی دی تھی جب ویڈیو اسسٹنٹ ریفری نے مصطفی زیکو کی جانب سے کیا جانے والا گول ماننے سے انکار کر دیا تھا۔
مصر کا یہ اصرار بھی تھا کہ محمد صلاح کے ساتھ فاؤل کیا گیا تھا جبکہ اس وقت تیسرا گول نہیں ہوا تھا۔ فل ٹائم کی سیٹی بجنے کے ساتھ ہی مصری کھلاڑی ایسے زمین پر گرے جیسے انھیں یقین نہیں ہو رہا تھا کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے۔
میچ کے بعد انٹرویو میں مصر کے کوچ حسام حسن نے کہا کہ ان کی ٹیم کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ بی بی سی نے فیفا سے اس معاملے پر ردعمل حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔
حسام نے کہا کہ ’میدان میں اور میدان کے باہر بہت کچھ ایسا ہوا جس پر سوال اٹھتے ہیں۔‘ انھوں نے کہا کہ ’یہ سب منفی تھا اور یہ احتساب کی بات ہے۔ شاید وہ دفاعی چیمیئن کو ٹورنامنٹ میں رکھنا چاہتے تھے۔ شاید وہ چاہتے تھے کہ میسی مقابلے سے باہر نہ ہو۔‘
مصری کوچ نے کہا کہ ’ہماری ایک پنلٹی نہیں دی گئی اور اسے ویڈیو پر دیکھا تک نہیں گیا جبکہ ہمارا ایک گول مانا ہی نہیں گیا۔ زندگی منصفانہ نہیں تو کھیل میں انصاف کیوں نہیں ہے؟‘
مصری کھلاڑی زیکو نے کہا کہ ’ریفری غیر منصفانہ تھے۔ ناانصافی واضح تھی، میچ کے آغاز سے ہی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہgettyimages
بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
کل رات فٹبال کے مداحوں نے کرسٹیانو رونالڈو کی آنکھوں میں مایوسی کے آنسو دیکھے تھے۔۔۔ مگر آج لیونل میسی کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو نظر آئے۔۔۔ جہاں رونالڈو کا ورلڈ کپ کا سفر ختم ہوا، وہیں میسی نے ارجنٹینا کی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا ہے۔
امریکہ کے شہر اٹلانٹا میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 کے ایک ڈرامائی مقابلے میں ارجنٹینا نے دو گول سے پیچھے ہونے کے باوجود شاندار کم بیک کرتے ہوئے مصر کو 3-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
مصر نے میچ کا آغاز انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور 15ویں منٹ میں یاسر ابراہیم نے کارنر کک پر عمدہ ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
ارجنٹینا کو پہلے ہاف میں مقابلہ برابر کرنے کا موقع اس وقت ملا جب اسے پنالٹی ملی، لیکن مصر کے گول کیپر مصطفیٰ شوبیر نے لیونل میسی کی پنالٹی شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کی برتری برقرار رکھی۔
دوسرے ہاف میں مصر نے 67ویں منٹ میں ایک تیز رفتار جوابی حملے پر مصطفیٰ زیکو کے گول کی بدولت اپنی برتری 2-0 کر دی، جس کے بعد ایسا محسوس ہونے لگا کہ دفاعی چیمپیئن ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے قریب ہے۔
تاہم ارجنٹینا نے ہمت نہیں ہاری۔
79ویں منٹ میں کرسٹیان رومیرو نے ہیڈر کے ذریعے اپنی ٹیم کا نقصان کم کیا، جس سے ارجنٹینا کی ٹیم کو نئی توانائی ملی۔
صرف چار منٹ بعد لیونل میسی نے شاندار فنش کے ذریعے سکور 2-2 سے برابر کر دیا۔ یہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں مسلسل چھٹے میچ میں میسی کا گول تھا، جو ان کے غیرمعمولی ریکارڈ میں ایک اور اضافہ ہے۔
میچ جب اضافی وقت کی جانب بڑھ رہا تھا تو 90+2 ویں منٹ میں اینزو فرنانڈیز نے فیصلہ کن گول کر کے ارجنٹینا کو 3-2 کی ناقابلِ یقین فتح دلا دی۔
مصر کے کھلاڑیوں نے اس گول سے قبل فاؤل کا دعویٰ کرتے ہوئے احتجاج بھی کیا، تاہم ریفری نے گول برقرار رکھا۔
اس فتح کے ساتھ ارجنٹینا نے نہ صرف کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ کنفرم کر لی ہے بلکہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دو گول سے پیچھے ہونے کے باوجود کم بیک کرتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے کا میچ بھی جیت لیا ہے۔
دوسری جانب مصر نے شاندار کھیل پیش کرنے کے باوجود آخری 15 منٹ میں اپنی برتری گنوا دی اور اس کا ورلڈ کپ کا سفر اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
جب ارجنٹینا کو اپنے کپتان کی سب سے زیادہ ضرورت تھی، میسی نے قیادت کا حق ادا کیا
جہاں ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو ہیں وہیں مصر کے کھلاڑی غم سے نڈھال دکھائی دے رہے ہیں۔
مصر، ریفری کے ان فیصلوں پر بہت مایوس ہے جو اس کے خلاف گئے۔
دوسرا گول کرنے سے پہلے مصر کا ایک گول بھی مسترد کر دیا گیا، اور فاؤل کا فیصلہ ایسی جگہ دیا گیا جہاں خلاف ورزی تقریباً ان کی اپنی ٹچ لائن کے قریب ہوئی تھی۔
میچ کے اختتام پر لیونل میسی بھی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں بھی نم نظر آتی ہیں۔
چند ہی لمحے پہلے ایسا لگ رہا تھا کہ ان کا ورلڈ کپ کیریئر اختتام کو پہنچنے والا ہے، مگر جب ارجنٹینا کو اپنے کپتان کی سب سے زیادہ ضرورت تھی تو میسی نے قیادت کا حق ادا کیا۔۔۔۔ پہلے گول کی راہ ہموار کرنے کے لیے شاندار پاس دیا، پھر خود گول سکور کر کے میچ برابر کر دیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
میسی نے یہ ورلڈ کپ 13 گولز کے ساتھ شروع کیا تھا، لیکن اب وہ 21 گولز تک پہنچ چکے ہیں۔ وہ مجموعی گولز کے ریکارڈ میں کائلن ایمباپے سے دو گول آگے ہیں۔ تاہم فرانسیسی کھلاڑی کے پاس دوبارہ سرفہرست آنے کا موقع موجود ہے، کیونکہ ان کی ٹیم فرانس جمعرات کو مراکش کے خلاف میدان میں اترے گی۔
میسی نے تو ہمیشہ کی طرح اپنا کردار ادا کیا لیکن ارجنٹینا کی باقی ٹیم نے بھی ہمت نہیں ہاری اور آخر تک مقابلہ جاری رکھا۔
فرنانڈیز نے تیسرا گول بہت خوبصورت ہیڈر کے ذریعے کیا، جو میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سوشل میڈیا پر ارجنٹینا کی ڈرامائی واپسی، میسی کی کارکردگی اور ریفری کے فیصلے زیرِ بحث
میچ کے بعد سوشل میڈیا پر ارجنٹینا کی ڈرامائی واپسی، میسی کی کارکردگی اور ریفری کے فیصلے زیرِ بحث ہیں۔
جہاں کئی شائقین میسی کی شاندار کارکردگی اور ارجنٹینا کے آخری لمحات میں شاندار کم بیک کی تعریف کرتے نظر آتے ، وہیں کچھ صارفین نے میچ کے دوران ہونے والے فیصلوں پر تنقید بھی کی۔
ایک صارف نے لکھا ’میسی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ بڑے لمحات بڑے کھلاڑیوں کے لیے ہوتے ہیں۔‘
کئی مداحوں نے میسی کے اسسٹ اور برابری کے گول کو میچ کا فیصلہ کن لمحہ قرار دیا۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’ارجنٹینا کا ورلڈ کپ کا سفر ختم ہوتا دکھائی دے رہا تھا، پھر میسی نے اپنا جادو دکھایا اور میچ کا رخ بدل دیا۔‘
کئی فٹبال مداحوں نے مصری ٹیم کی تعریف کی، جس نے عالمی چیمپیئن کے خلاف زبردست مقابلہ کیا اور ایک وقت میں فتح کے قریب نظر آئی۔
ایک صارف نے لکھا ’مصطفیٰ شوبیر نے ورلڈ کلاس کارکردگی دکھائی‘ کئی افراد کا ماننا ہے کہ ’یہ میچ ورلڈ کپ کے بہترین مقابلوں میں شامل ہو گیا ہے۔‘
کچھ فٹبال مداحوں نے میچ کے دوران ریفری کے فیصلوں پر بھی سوالات اٹھائے۔
ایک صارف نیول نے ایکس پر محمد صلاح کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہ لکھا کہ مصر کے کھلاڑی اور کپتان محمد صلاح ریفری کے فیصلوں سے ناخوش تھے۔ ان کے مطابق ’ارجنٹینا کے تیسرے گول سے قبل صلاح کے خلاف فاؤل ہوا تھا جس پر مصر کو پنالٹی ملنی چاہیے تھی، لیکن وی اے آر چیک کے باوجود گول برقرار رکھا گیا۔‘
نیول نے مزید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’ریفری کے فیصلے مصر کے خلاف جا رہے تھے‘ انھوں نے اسے ورلڈ کپ کا بدترین فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا۔
انڈین صحافی ابھجیت گنگولی نے ایکس پر لکھا کہ ریفری کا فیصلہ انتہائی متنازع تھا۔ ان کے مطابق ’یہ بالکل ناقابلِ قبول ہے۔ مخالف ٹیم کے خلاف ایک معمولی فاؤل پر فیصلہ دیا گیا، جبکہ ارجنٹینا خود بھی کافی سخت انداز میں کھیل رہا تھا۔‘ انھوں نے فیفا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ایک بڑے تنازع کا سبب بن گیا ہے۔
























