اب تک کی اہم خبروں کا خلاصہ
بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے پہلے اب تک کی اہم خبروں کے خلاصے پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں۔
- پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ’خاطر خواہ کمی‘ کا اعلان کیا جائے گا
- لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل نے حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں اپنے چار فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق بھی کی ہے۔
- اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے سیکیورٹی بفر زون سے نہیں نکلے گی۔
- سوئٹزرلینڈ نے اعلان کیا ہے کہ برگن سٹاخ میں جمعے کو امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی بات چیت اب نہیں ہو گی۔ تاہم سوئس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ سوئٹزرلینڈ اس بات چیت کے انعقاد میں تعاون کے لیے تیار ہے۔
- ایران کی پارلیمان کے سپیکر اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں ایرانی وفد کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ وہ رہبر اعلیٰ کے ’حکم کے پابند‘ ہیں جنھوں نے انھیں اس بات کی ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ معاہدے کی شرائط و دفعات پر عمل درآمد کویقینی بنائیں۔
- امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے بعض امریکی نیٹو اتحادیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے یورپ میں امریکی افواج کی موجودگی کے بارے میں چھ ماہ میں جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
- پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا ایک افسر ہلاک ہو گیا ہے۔
- ایران کی ایک عدالت نے گلوکارہ پرستو احمدی اور کاروان سرائے کنسرٹ کے مزید آٹھ ارکان کو 74 کوڑوں کی سزا سنائی ہے۔
- نائجر کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ملک کے سب سے بڑے ہوائی اڈے پر مسلح افراد کے حملے میں 35 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ پانچ ماہ سے بھی کم عرصے میں اس طرز کا دوسرا حملہ ہے۔